حکومت تاجروں کے مسائل کوترجیح بنیادوں پر حل کررہی ہے اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا‘رفیق رجوانہ

ہمارے تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں مگر صرف نظام کی کچھ پیچیدگیوں سے گھبراتے ہیں، حکومت تاجروں کا اعتماد بحال کرے گی ‘گورنر پنجاب

منگل 21 مارچ 2017 22:21

حکومت تاجروں کے مسائل کوترجیح بنیادوں پر حل کررہی ہے اور انہیں مکمل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تاجر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں حکومت ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کررہی ہے اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گاانہیں اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، ٹیکس کے حوالے سے تاجروں کو درپیش مسائل کو بھی حل کیاجائے گا،ہمارے تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں مگر صرف نظام کی کچھ پیچیدگیوں سے گھبراتے ہیں، حکومت تاجروں کا اعتماد بحال کرے گی ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہائوس ملتان میں جنوبی پنجاب کے تاجروں کے عہدیداروں اور نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئر مین آل پاکستان سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن خواجہ محمد شفیق اور جنوبی پنجاب کے اضلاع کی انجمن تاجران کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جن میں احتشام الحق،ظفر اقبال صدیقی، ارشاد احمد بھٹی، عزیزالرحمن انصاری، ممتاز علی، محمد ارشد باجوہ، خواجہ عبیدالرحمن ، راجہ ابراہیم، حافظ محمد یونس، اسد غفار، علائو الدین، سید امیر حسین، جمیل بھٹی، سیٹھ محمد اسلم ، شیخ محمد سلیم اور دیگر تاجر عہدیدار موجود تھے۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے ملک میں سرمایہ کاری ہورہی ہے روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں سی پیک کی وجہ سے بہت مثبت تبدیلی آئے گی اور کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔ بجلی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہورہا ہے جس سے ہماری صنعت کا پہیہ چلے گا۔

سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہاہے امن و امان میں بہت بہتری آئے گی۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کاروباری افراد کی معاشرے میں اثر رسوخ رکھتے ہیں ان کی رائے کا احترام کیا جاتا ہے انہیں چاہئے کہ وہ حکومت کی طرف سے کئے گئے اچھے کاموں کو عوام کے سامنے رکھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے انفرادی ایجنڈے کی بجائے قومی ایجنڈ ے کی طرف آنا ہوگا اور ملکی مفاد کے لئے متحد ہوکر کام کرناہوگا۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ مجھے احساس ہے کہ تاجر مختلف مسائل کا شکارہیں میری کوشش ہے کہ تاجروں کے مختلف محکموں کے حوالے سے مسائل حل کرنے کے لئے ون ونڈو سسٹم بنایا جائے تاکہ انہیں مختلف محکموں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ ملتان میں تین نئی یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا، مظفر گڑھ میں طیب اردگان ہسپتال بنایا گیا ، ڈیرہ غازیخان میں غازی یونیورسٹی اور غازی میڈیکل کالج ، رحیم یار خان میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تقریباًہر ضلع میں اعلیٰ تعلیم کے ادارے بنائے گئے ۔

اسی طرح جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ۔ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز کو بھی امپروکیا گیا ہے جس سے صحت کے شعبے میں بہت بہتری آئی ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہاکہ میری کوشش ہے کہ ملتان سے مظفرگڑھ اور اسی طرح مظفرگڑھ سے میانوالی روڈ کو ون وے کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور مظفرگڑھ سے ہیڈ پنجند روڈکی بھی کشادگی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی حتی الامکان کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ عوامی فلاح و بہبود کے کام کئے جائیں جس کے لئے ہم دن رات کوشاں ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ گورنرپنجاب کے عہدے پر ملک محمد رفیق ر جوانہ کا فائز ہونا ہمارے جنوبی پنجاب کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے ۔آپ ایک انتہائی مخلص اور دیانت دار انسان ہیں ہم امید کرتے ہیں کہ آپ تاجر برادری سے مکمل تعاون کرتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔

اس موقع پر مختلف تاجر رہنمائوں نے گورنر پنجاب کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وہاڑی سے تعلق رکھنے والے تاجر رہنما ارشاد حسین بھٹی نے مطالبہ کیا کہ ملتان وہاڑی روڈ پر ٹریفک کا بہائو بہت زیادہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آرہے ہیں ملتان وہاڑی روڈ کو بھی ون وے ڈوئل کیرج کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :