کھیل نے پور ی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کئے رکھا، فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کروں گا ،گورنر سندھ

گورنر نے سنوکر چمپئن شپ فائنل کے فاتح کھلاڑی کیلئے تین لاکھ، رنر اپ کیلئے دو لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا

منگل 21 مارچ 2017 21:59

کھیل نے پور ی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کئے رکھا، فروغ کیلئے ہر ممکن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں صحت مند مثبت سرگرمیوں کی فعالیت خوش آئند ہے ،کھیل جیت کی لگن کا جذبہ پیدا کرتا ہے اور اس میں ناکامی سے کھلاڑی کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے جو کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں وہ بہت جلد نمایاں مقام حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو جاتے ہیں یہی زندگی کا بھی ایک رہنما اصول ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسنوکر وہ کھیل ہے جس نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کئے رکھا یہی وجہ ہے کہ ہم اسنوکر کا نام فخر سے لیتے ہیں اس کھیل کے فروغ کے لئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے اس ضمن میں میرا تعاون ایسوسی ایشن کے ساتھ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی جیم خانہ میں بیالیسویں جو بلی انشورنس اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میچ کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

سرگودھا کے کھلاڑی محمد سجاد نے بیسٹ آف 15 کے فریم میں 6 کے مقابلہ میں 8 فریم سے حریف سرگودھا کے کھلاڑی اسجد اقبال کو شکست دی تھی ۔ اس چیمپئن شپ کا آغا ز 12 مارچ 2017 ء ہوا تھا جس میں ملک بھر سے 57 کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔ چیمپئن شپ کے فاتح محمد سجاد اور حریف کھلاڑی اسجد اقبال دونوں امسال اپریل میں دوہا(قطر) میں شروع ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں پاکستانی کی نمائندگی بھی کرینگے ۔

تقریب میں گورنر سندھ نے فاتح کھلاڑی کو ٹرافی اور نقد انعامی رقم مبلغ ایک لاکھ روپے دیئے رنر کھلاڑی کو ٹرافی اور 50 ہزار روپے نقد انعامی رقم دی ۔اس موقع پر جوبلی انشورنس کمپنی کے ایم ڈی طاہر احمد ، کراچی جیم خانہ کے صدر فواد سلیم ملک ، پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے چیئر مین منور حسین شیخ اور پاکستان بلیئرڈاینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے کو چیئر مین عالم گیر اے شیخ اور معروف ٹیسٹ کرکٹر سلیم یوسف سمیت دیگر بھی شریک تھے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ قومی ہیرو ز کو سراہا جانا چاہئے کھیلوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے کھلاڑیوں کی پذیرائی کے لئے ان کے لئے نوکریاں فراہمی یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے فاتح کھلاڑی محمد سجاد کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی جانب سے بھی فاتح کھلاڑی کو تین لاکھ روپے اور رنراپ کھلاڑی کے لئے دو لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ۔