پی ٹی آئی کا سیاسی گراف بڑھنے سے سیاسی حریفوں کی صفوں میں ہلچل مچ چکی ہے،پرویزخٹک

سیاسی حریف پی ٹی آئی کی مقبولیت سے پریشان اور بد حواس ہو چکے ہیں، انہیں سمجھ نہیں آرہی تبدیلی کے ایجنڈے نے ملکی سطح پر سیاست کے ڈائنمکس تبدیل کردیئے ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 21 مارچ 2017 21:53

پی ٹی آئی کا سیاسی گراف بڑھنے سے سیاسی حریفوں کی صفوں میں ہلچل مچ چکی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پر ویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا سیاسی گراف بڑھنے سے سیاسی حریفوں کی صفوں میں ہلچل مچ چکی ہے ۔سیاسی حریف پی ٹی آئی کی مقبولیت سے پریشان اور بد حواس ہو چکے ہیں۔ انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ تبدیلی کے ایجنڈے نے ملکی سطح پر سیاست کے ڈائنمکس تبدیل کردیئے ہیں۔

اب پاکستانی سیاست میں عوامی فلاح کا عنصر شامل ہو چکا ہے۔ دیگر عوامل میں شفاف حکمرانی، قانون کی بالادستی ، اداروں میں عدم مداخلت اور اصلاحات عملا جوابدہی کا عمل اور کرپشن کاخاتمہ ہے۔ یہ وہ بنیادی محرکات ہیں جسے دیکھ کر اور مشاہدہ کرکے عوام جو ق درجوق پی ٹی آئی کی صفوں میں شامل ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں ضلعی ممبر تارو حسن کمال کی سربراہی میں 50 رکنی جرگے کی متفقہ طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت کے اعلان کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

جرگے کی نمایاں شخصیات میں نصیب الرحمن پاکستان مسلم لیگ (ن)، محمد روئف پاکستان مسلم لیگ (ن)، سبیل محمد پاکستان مسلم لیگ (ن)، نور رحمان پاکستان مسلم لیگ (ن)،وکیل محمد پاکستان مسلم لیگ (ن)، قاضی رحمان پاکستان مسلم لیگ (ن)، علی فور خان پاکستان مسلم لیگ (ن)، شبیر رحمان پاکستان مسلم لیگ (ن)، منتظر محمد پاکستان مسلم لیگ (ن)، واجد خان پاکستان مسلم لیگ (ن)، اختر رحمان پاکستان مسلم لیگ (ن)، غریب نواز پاکستان مسلم لیگ (ن)، سجا د خان پاکستان پیپلز پارٹی ، ملک خالد اور دیگر شامل تھے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج وفاقی حکومت کے درباری اپنے آقائوں کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے پی ٹی آئی کی اچھی حکمرانی میں کیڑے نکالنے پر لگے ہوئے ہیں۔ اُن کی نوکریاں یہ رہ گئی ہیں کہ وہ اپنی استعداد کے مطابق عمران خان کو برے برے القابات سے نوازے ۔اور اُن کے کرادر پر کیچڑ اُچھالیں۔ اس دوڑ میں درباریوں کے مابین بھی دوڑ لگی ہوئی ہے۔ان درباریوں کا حتمی ہدف صرف یہ ہے کہ اپنے آقائوں سے ان خدمات کے صلے میں شاباشی حاصل کریں۔

یہ برے رجحانات نواز شریف اپنے ساتھ سیاست میں لے کر آئے ہیںاور اس کی سیاست کا ممبہ یہی ہے ۔کرپٹ حکمران اپنی چوریاں اور بد اعمالیاں میں منفرد مقام حاصل کر چکے ہیں۔ ان کے سیاسی آقا ملکی وسائل کی بندر بانٹ لگے ہوئے ہیں اور دوسری طرف ان کے درباری اُن کے برے اعمال کی تاویلیں گھڑتے رہتے ہیں۔ پانامہ لیکس اور منی لانڈرنگ سے کون واقف نہیں ملکی کی سطح تو چھوڑیں بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کی بدنامی ہو چکی ہے۔

یہ غریب کا نعرہ لگا کر اُن کے استحصال کرتے ہیں۔یہ دھاندلی کی پیداوار ہیںاور عوام ان سے تنگ ہیں۔انہوںنے کہاکہ پنجاب کا وزیر رانا ثناء اور عابد شیر خیبرپختونخوا کی شفاف حکمرانی سے جلتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی نے غریب عوام کو آواز کی طاقت دی ۔غریب کو حق کے حصول سمیت کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف منظم کیا ۔عوام نیا پاکستان چاہتے ہیں۔

وہ عابد شیر اور رانا ثناء کے منہ سے نکلنے والے انگاروں کے پیچھے اُن کے کرب اور دُکھ سمجھتے ہیں ۔ یہ عقلی دلائل سے ماورآ ہیں۔ یہ متعصب ہین۔ اپنے آقائوں سے شاباشی لینے کے چکر میں ہیں ۔ عوام دشمنی پر اُتر آئے ہیں۔ انہیں ملک و قوم کے مفاد سے کوئی سروکار نہیں۔یہ عناصر اپنے آقائوں کے کرپشن اور بدعنوانی سے عوامی توجہ ہٹا کر پختونخوا حکومت کے خلاف لایعنی الزامات لانے کے کام پر لگے ہوئے ہیں۔انہوںنے پی ٹی آئی میں نئے شامل ہونے والوں سے کہاکہ وہ تبدیلی کے پیغام کو آگے بڑھائیں ۔عوام کی شعوری اور فکری تربیت کیلئے آگے بڑھیں۔یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہمیں انفرادی اور اجتماعی کردار کے ذریعے اس کو ترقی اور خوشحالی کی بلندیوں تک لیکر جانا ہے۔

متعلقہ عنوان :