وزیر اعظم کی طویل عرصے بعد قومی اسمبلی آمد،ارکان کا نشستوں پر کھڑے ہوکر اور ڈیسک بجا کر استقبال

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ملاقات، دیگر جماعتوں کے ارکان نے وزیر اعظم کی خیریت دریافت کی ایم کیوایم کا گروپ بھی ملا ، کارکنوں کی گرفتاریوں اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار

منگل 21 مارچ 2017 21:47

وزیر اعظم کی طویل عرصے بعد قومی اسمبلی آمد،ارکان کا نشستوں پر کھڑے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف طویل عرصے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے ‘تو حکمران اتحاد سے تعلق رکھنے والے ارکان نے نشستوں سے کھڑے ہو کر ا ن کا استقبال کیا اور خیر مقدمی ڈیسک بجائے ، طویل عرصہ کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان ملاقات ہو گئی۔

وزیر اعظم اپنی نشست پر بیٹھے تو ارکان ملنے کیلئے پہنچ گئے ‘ ایم کیو ایم کے اراکین نے بھی گروپ کی صورت میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور کراچی میں کارکنوں کی گرفتاریوں ‘ غائب کرنے اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کے واقعات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ قومی اسمبلی میں منگل کو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی آئینی ترمیم کی منظوری کے اہم مرحلہ کے موقع پر وزیر اعظم ایوا ن میں موجود رہے۔

(جاری ہے)

4 بج کر 35 منٹ پر وہ ایوان میں آئے تو حکمران اتحاد سے تعلق رکھنے والے ارکان نے نشستوں سے کھڑے ہو کر ا ن کا استقبال کیا اور خیر مقدمی ڈیسک بجائے۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ وزیر اعظم کی آمد کے چند منٹ کے بعد ایوان میں آئے اور وزیر اعظم سے ان کی نشست پر جا کر ملے سید نوید قمر بھی ہمراہ تھے۔ ایم کیو ایم کے اراکین سمیت دیگر جماعتوں کے ارکان کی بڑی تعداد میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ …(رانا+اع)