پنجاب حکومت نے دوسرے صوبوں کے طالبعلموں کو مفت تعلیم دے کر وفاق کی روح کو مستحکم کیا ہے،اکیسویں صدی کی معاشی حکمت عملی میں اعلیٰ تعلیم کا کردار کلیدی ہے، پاکستان کی کثیر الجہتی ثقافت نے معاشرے میں رواداری، برداشت کی خوبصورت روایات کو آگے بڑھایا ہے

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی کا پختون ثقافتی میلہ کی تقریب سے خطاب

منگل 21 مارچ 2017 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے دوسرے صوبوں کے طالبعلموں کو اپنے تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم کی سہولیات مہیا کر کے وفاق کو مستحکم کیا ہے۔یہ بات خوش آئند ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت دیگر وفاقی اکائیوں سے تعلق رکھنے والے طالبعلموں کو پنجاب میںاعلیٰ تعلیم کی بہترین سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔

اس طرح پنجاب کی تعلیمی سہولیات سے سارے صوبے مل کر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔وہ منگل کو جامعہ پنجاب میں پختون ثقافتی میلہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر پختون طالبعلموں نے زبان وادب، خوراک، لباس اور کٹلری کے مختلف سٹالز کے ذریعے پختون فنون و ثقافت کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی کثیر الجہتی ثقافت کے ان گنت نمونوں نے معاشرے میں رواداری، برداشت اور پرامن بقائے باہمی کی خوبصورت روایات کو آگے بڑھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے دیگر صوبوں میں بسنے والے عوام کی بھلائی کیلئے منظم اقدامات کئے ہیں۔حقیقت تو یہ ہے کہ قومی بھلائی کے کاموں میںپنجاب ہمیشہ پیش پیش رہا ہے ۔ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں،پنجاب کے عوام کے دل دیگر اکائیوں میں آباد لوگوں کے ساتھ ساتھ دھڑکتے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات کو پختون ثقافت کی خوبصورت پروجیکشن پر مبارکباد دی۔

قبل ازیں طالبعلموں نے پختون ثقافت کے مختلف رنگ پیش کئے جس کی حاضرین نے دل کھول کر داد دی۔دریں اثناء صوبائی وزیر رضا گیلانی نے ایک نجی جامعہ میں بزنس مینجمنٹ میں عصری مسائل کے موضوع پرمنعقدہ دو روزہ چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستانی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔

سی پیک کی بدولت پاکستان خطے میں سب سے اہم معاشی پلیئر بن کر ابھرا ہے۔ہمارے معاشی اشارے دیگر ممالک سے بہت بہتر ہیں۔اس حوالے سے جامعات کو چاہئے کہ وہ قومی معاشی اہداف کے حصول کیلئے طالبعلموں کو تیار کریں۔اکیسویں صدی کی معاشی حکمت عملی میں اعلیٰ تعلیم کا کردار کلیدی ہے۔اس حوالے سے حکومت پنجاب اعلیٰ تعلیم کے اداروں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے منظم روڈ میپ پر عملدآمد کر رہی ہے۔