قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ،ْ شاہ زار شمون ،ْ سید علی رضا ،ْ غلام حیدر جمالی کیخلاف بد عنوانی ریفرنس ،ْ انکوائری کا فیصلہ

ملزمان پر 530ایکڑ سرکاری زمین غیر قانونی طریقے سے کرنے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزامات ہیں ،ْرپورٹ اختیارات سے تجاوز ، غیر قانونی بھرتیوں اور ناجائزذرائع سے اثاثے بنانے کے الزام پراسد قیصرکیخلاف شکایت کی جانچ پڑتال ہوگی

منگل 21 مارچ 2017 21:19

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ،ْ شاہ زار شمون ،ْ سید علی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء)قومی احتساب بیورو (نیب )کے ایگزیکٹو بورڈ نے اختیارات سے تجاوز ، غیر قانونی بھرتیوں اور ناجائزذرائع سے اثاثے بنانے کے الزام پرسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصرکے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال جبکہ 53ارب روپے کے اراضی سکینڈل میں مبینہ ملزم سابق سیکرٹری محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ شاہ زار شمون ، نیشنل بینک بنگلہ دیش برانچ میں خورد برد پر سابق صدر نیشنل بینک آف پاکستان سید علی رضا، غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث سابق آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی اور پرنسپل انجینئر پیس اسلام آباد جاوید رضا بھٹہ کے خلاف بد عنوانی ریفرنس ،ْ سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد رفیق کھر کے خلاف انویسٹی گیشن اور اراضی سکینڈ ل میں ملوث رکن صوبائی اسمبلی سلطان محمود ہنجرا کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہو ا ۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق سیکرٹری محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن حکومت سندھ شاہ زار شمون اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کے ریفرنس دائرکرنے کا فیصلہ کیا ۔ملزمان پر 530ایکڑ سرکاری زمین غیر قانونی طریقے سے کرنے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزامات ہیں جس سے قومی خزانے کو 53ارب روپے کا نقصان پہنچا ۔

اجلاس میں سابق صدر نیشنل بینک آف پاکستان سید علی رضا اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور نیشنل بینک بنگلہ دیش برانچ میں غیر قانونی طریقے سے مالی فوائد فراہم کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو 185ملین ڈالر کا نقصان پہنچا ایگزیکٹو بورڈ نے سابق آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی و دیگر کے خلاف بد عنوانی کے ریفرنس دائرکرنے کا فیصلہ کیا۔

ملزمان پراختیارات سے تجاوز اور حیدر آباد میں ایس آر کی بنیادوں پر غیر قانونی بھرتیوںکا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 50کروڑ 46 لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچا ۔ اجلاس میں پرنسپل انجینئر پیس اسلام آباد جاوید رضا بھٹہ کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی گئی ، ملزم پر ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سی ڈ ی اے افسران اور دیگر کے خلاف صفہ مال کے معاملے پر انوسٹی گیشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔

ملزمان پراختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 193.3ملین روپے کا نقصان پہنچا اجلاس میں العباس انٹرنیشنل ایجوکیشن کنسلٹنٹس نذر عباس اور دیگرکے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی اس مقدمہ میں آسٹریلوی ہائی کمیشن نے پاکستان میں قائم تعلیمی کنسلٹنسی فرم العباس انٹرنیشنل کے خلاف باضابطہ شکایت کی تھی کہ وہ دھوکہ دہی سے طالب علموں کو بڑے پیمانے پر لوٹ رہی ہے اور انہیں 10.20 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے سابق رکن قومی اسمبلی محمد رفیق کھر، محکمہ ریونیو کے افسران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ملزمان پرسرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور قبضے کا الزام ہے ،ْ ایگزیکٹو بورڈ نے یونیورسٹی آف پنجاب کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور خلاف قواعد غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔

اجلاس میں میسرز پاک راک آئیل ٹریڈنگ کارپوریشن پرائیویٹ کیخلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ، یہ کیس سٹیٹ بینک آف پاکستان نے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ پر نیب آرڈیننس کے تحت نیب کو بھیجااجلاس میں سسٹین ایبل انوائرمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ فائونڈیشن حیدر آباد کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ۔یہ کیس سٹیٹ بینک آف پاکستان نے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ پر نیب آرڈیننس کے تحت نیب کو بھیجا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے رکن قومی اسمبلی تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ سلطان محمود ہنجرا اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ، ملزمان پر تھانہ چوک کوٹ ادو میں اراضی پر غیر قانونی طریقے سے الاٹمنٹ ، لیز پر لینے اور پھر اپنے نام اندراج کروا کر فروخت کرنے کاالزام ہے۔ایگزیکٹو بورڈ نے سپیکر خیبر پختونخوا اسد قیصرکے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی ، ملزم پر اختیارات سے تجاوز ، غیر قانونی بھرتیوں اور ناجائزذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہاکہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے اپنے قومی فرض کو ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے ۔انہوںنے نیب کے تمام افسرا ن کو ہدایت کی تھی کہ وہ شکایت کی جانچ پڑتال ،انکوائریاں اور انویسٹی گیشن قانون کے مطابق اور میرٹ پر نمٹائیں۔