صوبائی وزیر سکندرحیات خان شیرپائو کااین ایف سی ایوارڈ کے جلد انعقاد کا مطالبہ

این ایف سی ایوارڈ میںمزیدجتنی تاخیر ہوگی چھوٹے صوبوں کی مشکلات اور محرومیوں میں اتنا اضافہ ہو گا،سکندرحیات خان شیرپائو

منگل 21 مارچ 2017 21:08

صوبائی وزیر سکندرحیات خان شیرپائو کااین ایف سی ایوارڈ کے جلد انعقاد ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو نے این ایف سی ایوارڈ کے جلد انعقاد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں جتنی مزید تاخیر ہوگی چھوٹے صوبوں کی مشکلات اور محرومیوں میں مزید اضافہ ہو گا۔وہ منگل کو گائوں شیرپائو میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ،اس موقع پر یونین کونسل مرزاڈھیر کے ممتاز سیاسی رہنماء میاں محمد شفیع نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائو اور سکندر حیات خان شیرپائو کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

سکندر شیرپائونے کہا کہ قومی مالیاتی ایوارڈ میں تاخیر سے چھوٹے صوبوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے اوراس التواء کی وجہ سے صوبے کی معاشی اور اقتصادی بدحالی میں اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا اس میں مزید تاخیر قابل برداشت نہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مردم شماری صحیح اورشفاف طریقے سے کرائی جائے جوکہ حقیقی معنوں میں عوام کے احساسات کی ترجمانی کرسکے۔

انھوں نے کہا کہ پنسل کے ذریعے خانہ شماری اورگنتی قابل قبول نہیں ہے اوراس میں شکوک و شہبات پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم پختونوں کی آبادی اور حقوق کو کسی صورت بھی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری کی گنتی مشین کو اسلام سے پشاور شفٹ کیا جائے ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی مشکلات کے خاتمے اورحقوق کے حصول کیلئے قومی اور بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھائے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے ضلعی رہنماء اور حلقہ پی کی21کی کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :