ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ ‘ڈاکٹرز ‘پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ‘صفائی ستھرائی اور مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا

انٹرنیز ہاسٹل میں جاری تعمیراتی کام کی سستی روی پر برہمی کا اظہار ‘ہسپتال میں آنیوالے دکھی انسانیت کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جائے ‘ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان

منگل 21 مارچ 2017 21:05

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ ‘ڈاکٹرز ‘پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ‘صفائی ستھرائی اور مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور اپنے دورہ کے دوران انہوں نے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور کلریکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا ۔

انہوں نے خاص طور پر ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور مریضوں کودی جانیوالی تمام طبی سہولیات کا تفصیلا ًجائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے ہسپتال میں آنیوالے مریضوں اور انکے لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت بھی کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور آپ سب کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ ہسپتال میں آنے والے دکھی انسانیت کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جائے ۔دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر قصور نے ہیلتھ کونسل کے فیصلوں کی روشنی میں ہسپتال میں جاری ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا ۔

ڈپٹی کمشنر نے انٹرنیز ہاسٹل میں جاری تعمیراتی کام کی سستی روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہاسٹل کی تعمیر و تزئین و آرائش کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔میڈیسن سٹور کے معائنہ کے موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والی اور مریضوں کو دی جانیوالی ادویات کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ میڈیکل سٹور سے ادویات ناٹ فار سیل کی مہر لگنے کے بعد مریضوں کو دی جائیں اور اس میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔