جشن نوروز کی مناسبت سے پنجاب یونیورسٹی میں پختون طلباء پر حملہ قابل مذمت ہیں ، عوامی نیشنل پارٹی پنجاب

حملہ میں ملوث افراد کوگرفتار نہ کیا گیا تو اے این پی راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوجائے گی، بیان

منگل 21 مارچ 2017 20:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے صوبائی صدر منظور خان نے جشن نوروز کی مناسبت سے پنجاب یونیورسٹی میں پختون طلباء کی جانب سے منعقدہ تقریب پر اسلامی جمعیت طلباء کے حملے کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں پختون طلبا کے پرامن تفریحی پروگرام پر اسلامی جمعیت طلبا کے حملہ اوروں کو پنجاب حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے۔

حملہ میں ملوث افراد کوگرفتار نہ کیا گیا تو اے این پی راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوجائے گی۔اپنے ایک بیان میں انہوں اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب پختون طلباء پر حملہ کیا گیا جس میں متعدد طلباء شدید زخمی ہوئے ہیں دوسری جانب پنجاب پولیس نے صوبائی حکومت کے کہنے پر ان زخمی اور متاثرہ طلباء کے خلاف ایف آئی ار درج کرائی ہے جس سے پنجاب حکومت اور پولیس کی پختون دشمن اور جانبدار پالیسی عیاں ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دی جائے۔انہوں نے کہا پنجاب حکومت پختونوں کو ہراساں کرنے کی پالیسی ترک کرے ورنہ اس کے خطرناک نتائج نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ اے این پی عدم تشدد پریقین رکھتی ھے تاہم کسی کو اس بات کی قعطی اجازت نہیں دیتی کہ وہ پختونوں کو بے جا تنگ کرے۔انہوں نے کہ بعض قوتیں مختلف حیلے بہانوں سے پنجاب میں مقیم اور محنت مزدوری کرنے والے پختونوں کو تنگ اور ہراساں کرنے کی کوشیش کررہی ہیں جو قابل مذمت ہے، انہوں نے جماعت اسلامی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کو خبردار کیا کہ اپنی ذیلی تنظیم کی بدمعاشی کا نوٹس لے بصورت دیگر اے این پی سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوگی۔