ڈاکٹر طاہر القادری ملک میں حقیقی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، بریگیڈیر(ر) مشتاق احمد

منگل 21 مارچ 2017 20:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیر(ر) مشتاق احمد نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری ملک میں حقیقی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ملک سے ظلم اور زیادتی،کرپشن زدہ نظام ختم کر کے انصاف کا نظام قائم کر کے دہشت گردی ، کرپشن اور رشوت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ظلم پر مبنی نظام کو چیلنج کرنے پر ظالم حکمرانوں نے 14 لاشوں کا تحفہ دیا اور عوامی تحریک کے ہزاروں کارکنوں، رہنمائوں کو پابند سلاسل رکھا۔

ان وہ منگل کو عوامی تحریک کے وکلاء ونگ کے رہنمائوں احسان اللہ سیال ایڈووکیٹ،سردار برکت ایڈووکیٹ،احسن قریشی ایڈووکیٹ،احمد یار ایڈووکیٹ اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کررے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اس وقت انسداد دہشتگردی کی عدالت نے آئی جی سے لے کر سپاہی تک کو طلب کررکھا ہے مگر ہمارا بنیادی مطالبہ شریف برادران اور ان کے وزراء کو طلب کیے جانے سے متعلق ہے کیونکہ جب تک حکم دینے والے طلب نہیں کیے جائینگے حکم پر عمل کرنے والوں کو پوری سزا مل سکے گی اور نہ ہی پورا انصاف ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی نے بھی اے ٹی سی کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر کے عبوری ریلیف حاصل کررکھا ہے انشاء اللہ تعالیٰ 29 مارچ کو ہمارے وکلاء ہائیکورٹ میں ثابت کرینگے کہ قاتل حکمرانوں کے احکامات پر آئی جی پنجاب کے ذریعے عملدرآمد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون ایک ایسی قربانی ہے جو اس ظالم نظام کے خاتمے کا سبب بنے گی اور شہیدوں کا خون رنگ لائے گا ،ظالم ،جابر اور فرعون صفت حکمران اپنے انجام کو پہنچیں گے ،انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں کو مردم شماری میں شامل نہ کرنا ان کی حب الوطنی اور قربانیوں سے مذاق ہے، خون پسینہ ایک کر کے وطن عزیز کیلئے زرمبادلہ بھجوانے والوں کو کسی شمار میں نہ لانا زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ اس زیادتی کا بھی نوٹس لیں ۔