پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات موجود ہیں برطانوی وزیر داخلہ امبر رڈ کے دورے سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا،پاکستان چاہتا ہے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی بہتری کے لئے تمام رکاوٹوں کو قانونی اور سفارتی سطح پر حل کیا جائے

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا برطانوی وزیر داخلہ سے بات چیت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 21 مارچ 2017 20:19

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات موجود ہیں برطانوی وزیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات موجود ہیں اور برطانوی وزیر داخلہ امبر رڈ کے دورے سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا ۔منگل کو یہاں برطانوی وزیر داخلہ سے بات چیت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کوئی بھی چیز پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتی تاہم بعض معاملات پر روکاٹیں موجود ہیں جس کو حل کرنے کے لئے دونوں فریقین پر عزم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں برطانوی ہم منصب کے ساتھ ہونی والی بات چیت سے پوری طرح مطمئن ہوں دونوں جانب ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو سمجھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملاقات کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ملاقات کے دوران سیکورٹی ،انسداد دہشت گردی اور امیگریشن کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مجھے توقع ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کی حکومتیں اور متعلقہ وزارتیں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گی ۔

چوہدری نثار نے سابق برطانوی وزیر داخلہ اور موجودہ وزیر اعظم تھریسامے کی فعال قیادت کو سراہا اور کہا کہ سابق وزیر اعظم نے پاکستان کے کئی دورے کیے ہیں اور وہ پاکستان کے خیر خواہ ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ برطانوی وزیر اعظم جلد پاکستان کا دورہ کریں ۔چوہدری نثار علی خان نے مزید کہا کہ برطانوی وزیر داخلہ کے دورے سے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہو گا ، برطانیہ ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پاکستان کے نکتہ نظر کو بہتر انداز میں سمجھا اور تسلیم کیا جاتا ہے پاکستان چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی بہتری کے لئے تمام رکاوٹوں کو قانونی اور سفارتی سطح پر حل کیا جائے اور ہم دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے ہر اقدام کا خیر مقدم کریں گے ، ہماری یہ بھی خواہش ہے کہ دو طرفہ تعلقات کے سلسلہ میں مساوی بنیادوں پر قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات طویل تاریخ کے حامل ہیں اور ملاقات کے دوران دو معاہدوں پر دستخط کیئے گئے ہیں ۔اس موقع پر برطانوی وزیر داخلہ امبر رڈ نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ انہوں نے چوہدری نثار علی خان سے انتہائی تعمیری بات چیت کی ہے ، ہم موجودہ شراکت داری کو جاری رکھنے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہ ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی دو فیصد آبادی کی جڑیں پاکستان میں ہیں اور ترقی کی جانب رواں دواں پاکستان کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں ۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں ۔برطانوی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کی سرحدیں ان لوگوں کے لئے محفوظ ہوں جو پاکستان اور برطانیہ کا سفر کرتے ہیں ۔

انہوں نے یوم پاکستان اور 70سالہ طویل دو طرفہ سفارتی تعلقات پر مبارکباد دی اور ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الطاف حسین کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے انصاف کرنے کے حوالے درخواست بھی زیر غور لا ئی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا برطانوی قانون میں کسی کو استثنٰی حاصل نہیں ، اور وزیر داخلہ کو یقین دلایا ہے کہ انصاف کرنے سے متعلق ان کی درخواست پر کسی امتیاز کے بغیر کاروائی کی جائے گبی ۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کیئے جائیں گے۔