نواز شریف عہدے کا خیال کرتے ہوئے جھوٹ سے گریز کریں، پرویز مشرف نے ملنے کی کبھی کوشش نہیں کی‘وزیراعظم کی اصول پسندی معاہدوں سے پھرنے،منی لانڈرنگ اور پانامہ لیکس کے بعد سب نے دیکھ لی

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کا وزیر اعظم کے بیان پر ردعمل کااظہار

منگل 21 مارچ 2017 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اس وقت ملک کی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہیں،اپنی حیثیت کا خیال کرتے ہوئے جھوٹ بولنے سے گریز کریں،قوم جانتی ہے کہ وہ کس قدر اصول پسند ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے اس بیان کے جواب میں کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے ان سے رابطے کی کوشش کی تھی۔

ڈاکٹر محمد امجد نے وزیراعظم کے اس بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے جھوٹ قراردیا۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو کم از کم یہ سوچنا چاہئیے کہ وہ ایک ملک کے وزیراعظم ہیں۔جھوٹ پر مبنی بے بنیاد باتیں ان کے عہدے کو زیب نہیں دیتیں۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کس اصول پسندی کی بات کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ خفیہ معاہدے کے تحت سعودی عرب گئے اور بعدازاں اس معاہدے سے پھر گئے۔

منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ممالک جائیدادیں بنانے والے میاں نواز شریف کی بداصولیوں کی فہرست لمبی ہے جو قوم جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اصول پسندی تو یہ ہے کہ سید پرویز مشرف نے اپنے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کا سامنا کیامگر نواز شریف جیسے لوگوں کے سامنے جھکے نہیں۔اگر نواز شریف میں ہمت ہے تو سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات پر اثر انداز ہونا چھوڑ دیں اور عدلیہ کو آزادانہ تحقیقات کرنے دیں۔پھر دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ سید پرویز مشرف کو آزادانہ انتخابی مہم چلانے دی جائے تو 2018کے انتخابات میں ن لیگ کا نام و نشان تک نہ رہے۔اسی حقیقت کو سمجھتے ہوئے ن لیگی حکمرانوں نے ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات چلارکھے ہیں ۔