حافظ سعید ودیگر رہنمائوں کو نظر بند کرنا حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے،ہر فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کروں گا،جماعة الدعوة نے فرقہ واریت کو ختم کر کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے اور ملک کے دفاع کی بات کی ہے

سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی جماعة الدعوة کے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت

منگل 21 مارچ 2017 20:00

حافظ سعید ودیگر رہنمائوں کو نظر بند کرنا حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے،ہر ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق میں سب سے مضبوط اور بلند آواز حافظ محمد سعید کی ہے۔اس سلسلہ میں جماعة الدعوة کی خدمات قابل تحسین ہیں ، حافظ سعید ودیگر رہنمائوں کو نظر بند کرنا حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے ،حکومت کے اس اقدام کی سب سے پہلے میں نے مذمت کی اور ہر فورم پر حافظ محمد سعید کے حق میں آواز بلند کروں گا۔

اس جماعت نے ہمیشہ فرقہ واریت کو ختم کر کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے اور ملک کے دفاع کی بات کی ہے۔جماعةالدعوة ملتان کے مسئول میاں سہیل احمد کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ انڈیا 70سال کے غاصبانہ قبضے کے باوجود کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکا۔

(جاری ہے)

کشمیری پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دے چکے ہیں اور اس میں جماعة الدعوة کا بڑا کردار ہے۔

جب کشمیر آزاد ہو گا تو جماعة الدعوة کی خدمات کو سنہری الفاظ میں لکھا اور یاد کیا جائے گا۔جاوید ہاشمی اور جماعة الدعوة کے رہنما میاں سہیل احمد نے نظریہ پاکستان سے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ قومیں اور ملک نظریے سے ہی بنتے ہیں اور اسی پر قائم رہتے ہیں۔پاکستان کی بقا دو قومی نظریہ میں پنہاں ہے یہی ایک ایسی چیز ہے جس کی بنیاد پر پاکستان کا ہر فرد ایک ملت کی طرح اکٹھا ہو سکتا ہے۔

نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنے کے لیے جس طرح جماعة الدعوة کام کر رہی ہے ، حکومت کو بھی اسی طرح اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔نظریہ پاکستان کو لوگوں میں اجاگر کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہاکہ کشمیری پاکستان کی بقا اور نظریے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔خطے میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے۔ہم سوا ل کرتے ہیں کہ امن کے نام نہاد ٹھیکیداروں کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کیوں نہیں نظر آتی بین الاقوامی دنیا کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی بنیادوں پر حل کرائے۔

انہوںنے جماةالدعوة کی رفاہی و فلاحی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ زلزلہ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات میں اس جماعت کے رضاکاروں نے بڑھ چڑھ کر خدمات انجام دی ہیں۔ اس موقع پرساجد ہاشمی،محمدآصف،محمد ثاقب ودیگر بھی موجود تھے۔