ہیپاٹائٹس کی تشخیص کیلئے 9 ڈویژن میںجدید لیبز کے قیام کا فیصلہ، فلٹر کلینکس کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل

پہلے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک نے کام شروع کر دیا ، ایسے فلٹرکلینکس صوبے کے 36 اضلاع میں بنائے جائینگے،شہبازشریف

منگل 21 مارچ 2017 19:55

ہیپاٹائٹس کی تشخیص کیلئے 9 ڈویژن میںجدید لیبز کے قیام کا فیصلہ، فلٹر ..
لاہور۔21 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے 36 اضلاع میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کے قیام کے امور اوراس ضمن میں تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ہیپاٹائٹس کی تشخیص کیلئے 9 ڈویژن میںجدید لیبز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی سائٹ پر سٹیٹ آف دی آرٹ پہلے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک نے کام شروع کر دیا ہے اور ایسے فلٹرکلینکس صوبے کے 36 اضلاع میں بنائے جائیں گے جو سیٹلائٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہوں گے۔

وزیر اعلی نے فلٹر کلینکس کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ میں خود سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت کروں گااورعز م اور جذبے کیساتھ کام کرتے ہوئے صوبے کے 36 اضلاع میں فلٹرکلینکس کے منصوبے کو مکمل کریں گے اوراس ضمن میںتمام ضروری اقدامات فوری طورپر کیے جائیںگے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے کے 36 اضلاع میں ہیپاٹائٹس فلٹرکلینکس کے منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے آئندہ 7 روز میں جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہیپاٹائٹس کے مربوط کنٹرول پروگرام پر عمل پیرا ہے تاہم ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کیلئے عوام کو آگاہی دینا ضروری ہے لہذا اس سلسلے میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو ہیپاٹائٹس جیسے موذی مرض سے بچانا بڑی عوامی خدمت ہے اور ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اوراس حوالے سے ہیپاٹائٹس ریگولیشن بل لایا جا رہا ہی-وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ لاہور میں بنائے گئے جدید ترین ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا ماڈل دوسرے اضلاع میں بھی اپنایا جائی- انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں پہلے سے موجود جگر کے امراض کے علاج معالجے کی سہولتوں کو اپ گریڈ کیا جائے اورہیپاٹائٹس کے علاج کیلئے موجودہ سہولتوں کی اپ گریڈیشن کے لئے ان کا سروے جلد مکمل کیا جائے اورہیپاٹائٹس کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے عالمی ادارہ صحت کے ماہرین سے بھی مشاور ت کی جائی- صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز صحت ، خزانہ ، مواصلات و تعمیرات ، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-