وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی وفاقی وزیر اُمور کشمیر چوہدری محمدبرجیس طاہر سے ملاقات

خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال کے علاوہ آزادکشمیر کے دیگر آئینی و معاشی معاملات پر بات چیت پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، وفاقی وزیر امور کشمیر

منگل 21 مارچ 2017 19:02

وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی وفاقی وزیر اُمور کشمیر چوہدری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) آزاد جموں وکشمیرکے وزیرا عظم راجہ فاروق حیدر نے اسلام آبادمیں وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال کے علاوہ آزادکشمیر کے دیگر آئینی و معاشی معاملات بھی زیر غور آئے۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری پرُامن تحریک آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ غاصب بھارتی فوج کے سامنے نہتے کشمیریوں کا جذبہ و ہمت قابل تحسین ہے اور کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔

وفاقی وزیر اُمور کشمیرنے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوئے بغیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی ، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گزشتہ دنوں ایل او سی پر بھارتی جارحیت کی بھرپور الفاظ سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سول آبادی اور نہتے شہریوں اور بچوں پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ بھارت کے بیمار اور انتہا پسند رویے کی عکاسی کرتا ہے ۔

جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے ہونے والی جانی ومالی نقصان سے آگاہ کیا اور کہا کہ آزادکشمیر کے عوام بھارتی جارحیت کا بڑے حوصلے اور عزم سے مقابلہ کر رہے ہیں اور اشتعال انگیزی کی آڑ میں بھارت کے تمام مذموم منصوبوں کو آزادکشمیر کے عوام اپنے عزم و ہمت سے ناکام بنا دیں گے۔

ملاقات میں آزادکشمیر کی سیاسی صورت حال کے علاوہ آزادکشمیر کے معاشی و آئینی معاملات بھی زیر غور آئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آزادکشمیر کو معاشی و آئینی طور پر مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک کمیٹی قیام کی ہے جس نے اپنا کام شروع کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی تمام تر معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لے گی اور جلد اپنی سفارشات مرتب کرکے منظور ی کے لیے وزیر اعظم کو بجھوائے گی۔

اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدرنے آزادکشمیر کی تعمیر وترقی وخوشحالی کے ضمن میں وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف کی گہری دلچسپی پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آزادکشمیر کی معاشی ترقی و دیگر اصلاحات میں وفاقی حکومت کا تعاون قابل تحسین ہے جس سے پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام کے باہمی رشتے اور بھی مضبوط ہوں گے۔ وزیرا عظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے سی پیک منصوبوں میں آزادکشمیر کے خاطر خواہ منصوبوں کوشامل کرنے پر بھی وفاقی حکومت اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سی پیک کا حصہ بننے سے آزادکشمیر میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

متعلقہ عنوان :