فلاح و بہبود کے حوالہ سے این جی اوز کا کردار قابل تحسین ہے، اکرم خان درانی

منگل 21 مارچ 2017 18:55

فلاح و بہبود کے حوالہ سے این جی اوز کا کردار قابل تحسین ہے، اکرم خان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے مکانات و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ فلاح و بہبود کے حوالہ سے این جی اوز کا کردار قابل تحسین ہے، حقوق کی حفاظت نہ صرف حکومت بلکہ پورے معاشرے کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سیمینار کا مقصد بار برادری والے جانوروں کی اہمیت اور معیشت میں ان کے کردار کو اُجاگر کرنا تھا۔ وفاقی وزیر نے سیمینار منعقد کرنے والی تنظیم ’’ بروک‘‘ کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا عنوان ہے جس پر ابھی تک پاکستان میں خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا۔ بار برادری والے جانور مثلاً گدھے، گھوڑے اور خچر نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں انتہائی مؤثر کردار ادا کرتے ہیں بلکہ ٹیکنالوجی ہونے کے باوجود ابھی بھی دشوار گزار راستوں پر سامان کی آمدورفت کا واحد ذریعہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان جانوروں کے مالکان سے اپیل کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جو لوگ اپنے جانوروں کو خوراک، ادویات اور چھت فراہم نہیں کرتے وہ خدا کے غضب کو دعوت دیتے ہیں کیونکہ اسلام نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں کے حقوق کو بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ مزدوروں خاص کر کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کی حالت زار پر بروقت توجہ دی جائے ۔

این جی اوز کو چاہیے کہ وہ بڑے شہروں کی نسبت دیہاتوں اور چھوٹے علاقوں میں اس متعلق آگہی مہم پر زیادہ توجہ دیں۔ اس حوالے سے میڈیا کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے ۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو ایسے معاملات کو زیادہ سے زیادہ اُجاگر کرنے پر زور دیا ۔آگہی مہم میں علماء کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہا کہ کسی بھی مسئلے کے حل کیلئے عوام میں آگہی کے لیے علماء کرام سے ضرور مدد لینی چاہئے کیونکہ پاکستان کے عوام آج بھی علماء کی بات نہ صرف سنتے ہیں بلکہ اس پر عمل بھی کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :