بلوچ سب نیشنلسٹ فراری کمانڈر نے اپنے 20 ساتھیوں سمیت پنجاب رینجرز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

ْہمیں بھارتی خفیہ ایجنسی راء کی طرف سے براہمداغ بگٹی کے ذریعے فنڈنگ کی جاتی تھی ، انکشاف کئی دہائیوں سے ایک منصوبے کے تحت ہمارے ذہن میں حقائق کے سرا سر منافی اور بلاجواز منفی بیانیہ ڈالا جاتا رہا ، بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں مقیم لوگوں کو الگ تھلک رکھا گیا ، غلطیوں کی معافی مانگتے ہیں ،ملک کی خوشخالی میں کردارادا کرنا چاہتے ہیں ، دیگر فراری بھی حکومت کے سامنے ہتھیار ڈالیں،فراری کمانڈر

منگل 21 مارچ 2017 18:48

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) بلوچ سب نیشنلسٹ فراری کمانڈر نے اپنے 20 ساتھیوں سمیت پنجاب رینجرز کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی خفیہ ایجنسی راء کی طرف سے براہمداغ بگٹی کے ذریعے فنڈنگ کی جاتی تھی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن رد الفساد ملک بھر میں جاری ہے بلوچ سب نیشنلسٹ فراری کمانڈر نے اپنے 20 ساتھیوں سمیت پاکستان رینجرز پنجاب کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ۔

ہتھیار ڈالنے والے فراری نے بتایا کہ انہیں بھارتی خفیہ ایجنسی راء کی طرف سے براہمداغ بگٹی کے ذریعے فنڈنگ کی جاتی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کو گمراہ کن معلومات فراہم کی جاتی رہیں اور کئی دہائیوں سے ایک منصوبے کے تحت ان کے ذہن میں منفی بیانیہ ڈالا جاتا رہا جو کہ حقائق کے سرا سر منافی اور بلاجواز تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں مقیم لوگوں کو الگ تھلک رکھا گیا ۔

ہتھیار ڈالنے والے فراریوں نے اپنے ماضی کے کاموں پر معافی مانگی جن کی وجہ سے ریاست کو بھاری نقصان پہنچا ۔ انہوں نے معمول کی زندگی گزارنے اور پاکستان کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کا ارادہ کیا ہے۔ انہوں نے دیگر فراریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈال دیں۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات خان نے رینجرز اورقانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کو جاری آپریشنز کے دوران انکی کوششوں کو سراہا۔