کرنٹ اکائونٹ خسارہ8ماہ میں 3ارب ڈالر بڑھنا تشویشناک ہے‘ خادم حسین

برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی شعبہ کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، برآمدات کم اور درآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے ‘سینئر نائب صدرفیروز پور بورڈ لاہور

منگل 21 مارچ 2017 18:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) فیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر خادم حسین نے کہا ہے کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ8ماہ میں3ارب ڈالر بڑھنا تشویشناک ہے رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ جی ڈی پی کی26فیصد تک پہنچ چکا ہے اس دوران پاکستان کو5رب74کروڑ 30لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں درپیش2ارب48کروڑ20لاکھ ڈالر سے تقریباً3ارب ڈالر زائد ہے انہوںنے کہا کہ برآمدات و ترسیلات میں کمی اور درآمدات میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے توازن ادائیگی تیزی کے ساتھ بگڑتا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیرو ز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خادم حسین نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتوں کیلئے خصوصی پیکیج کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبہ کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ اشیاء کی پیداواری لاگت میں کمی اور اشیاء کی قیمتیں کم ہونے سے ملکی برآمدات اور حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوسکے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ کنٹرول کرنے کیلئے برآمدات میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں صرف ٹیکسٹائل کے لیے پیکیج سے بھی برآمدات میں اضافہ ممکن نہ ہوسکا اس لیے تمام انڈسٹریز پر پیکیج کا اطلاق کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے تجارتی پالیسی میں مختص اربوں روپے کو استعمال میں لاکر پاکستانی اشیاء کیلئے بیرون ملک منڈیوں کی تلاش کے ساتھ ساتھ پاکستانی مصنوعات کی نمائش کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوسکے۔