مختلف اضلاع میں اینٹی کرپشن کے چھاپے اور گرفتاریاں،مریدے میں رجسٹری محرر ،ڈسکہ میں ایس ڈی او راولپنڈی میں ایکسائز انسپکٹربہاولپور میں دو پولیس اہلکار ،فیصل آباد میں اہلمد،ملتان میں اے ایس آئی گرفتار

منگل 21 مارچ 2017 18:11

مختلف اضلاع میں اینٹی کرپشن کے چھاپے اور گرفتاریاں،مریدے میں رجسٹری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں چھاپے مار کر رشوت کے الزام میں ایس ڈی او ، رجسٹری محرر ،ایکسائز انسپکٹر ، اے ایس آئی ، سینئر کلرک ،اہلمد،متعدد پولیس اہلکار اور رشوت سے استفادہ کرنے والے غیر سرکاری افراد کو گرفتار کر لیا ہے -تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں اینٹی کرپشن نے آر پی اوآ فس میں موبائل فون کی معلومات سے متعلق قائم آفس سے کال ڈیٹا ریکارڈرشوت لے کر غیر متعلقہ اور پرائیویٹ افراد کو فراہم کرنے کے الزام میں پولیس کانسٹیبل محمد ہاشم رضا ، محمد عبید گیلانی اور اس گینگ کے دیگر افراد زین العابدین اور فہیم شاہد کو گرفتار کر لیا ہے -ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپورطارق بخاری کے مطابق ملزمان انتہائی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں او رانہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کال ڈیٹا ریکارڈ ایسے افراد کو فراہم کیا جن کی وجہ سے خاندانوں میں دشمنیاں پیدا ہوئیں اور لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی ہوئے - اینٹی کرپشن راولپنڈی کی خصوصی ٹیم نے مجسٹریٹ سید ظفر عباس کی نگرانی میں چھاپہ مار کر ایکسائز انسپکٹر عامر مقصود بٹ اور ایکسائز اہلکار طاہر محمود کو ایک مقامی شخص حسن گل سے چالیس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتا ر کر لیا - ملزمان عامر پورہ کے رہائشی حسن گل سے پراپرٹی ٹیکس کم کرنے کے لئے رشوت وصول کر رہے تھے -ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ محمد الیاس گل کی ہدایت پر سرکل افسر اینٹی کرپشن عامر سندھو اور سول جج ڈسکہ وقاص ہاشمی پر مشتمل ٹیم نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے دفتر پر چھاپہ مار کر ایس ڈی او تنویر وڑائچ کو 20 ہزار روپے رشوت لیتے رنگوں ہاتھوں گرفتار کر لیا -ملزم کے خلاف گوجرانوالہ کے رہائشی آصف نے درخواست دی تھی کہ ملزم تنویر وڑائچ نجی کمپنی کی رجسٹریشن کروانے کے لئے 25 ہزار روپے طلب کر رہا ہے جس کے بعد اینٹی کرپشن نے چھاپہ مار کر ملزم کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا -اینٹی کرپشن بہاولپور نے سرکل افسر رانا کلیم احمد اور جوڈیشل مجسٹریٹ شکیل ولانہ کے ہمراہ چھاپہ مار کر میونسپل کمیٹی بہاولپور کے سینئر کلرک ساجد کو رجسٹری چالان تیار کرنے کے لئے لودھراں کے رہائشی غلام مرتضیٰ سے 22 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا - سرکل افسر اینٹی کرپشن ملتان سید حماد نبی نے چھاپہ مار کر تھانہ بی زیڈ( بہاوالدین ذکریا) کے اے ایس آئی مشتاق احمد کو مقامی شہری ثمر عباس کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کے لئے 20 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور رشوت کی رقم برآمد کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا -سپیشل جج اینٹی کرپشن فیصل آباد خالد محمود کی عدالت سے اہم فائلیں خرد برد کرنے پر سرکل افسر فیصل آباد ریجن ضیغم خلیل نے اہلمد راؤ عابد کو گرفتار کر کے انکوائری شروع کر دی ہے - اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شیخو پورہ چوہدری مقبول احمد نے رجسٹری کے لئے 20 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رجسٹری محرر مریدکے گلشن بشیر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ اینٹی کرپشن قصور نے رجسٹری کے دوران مکان کی اصل مالکہ کی بجائے جعلی مالکہ پیش کرنے اور دھوکہ دہی کے الزام میں ایک غیر سرکاری شخص غضنفر لطیف کو گرفتار کر لیا ۔