ایل ڈی اے کے 22پلاٹ 27کروڑ69لاکھ روپے میں نیلام

منگل 21 مارچ 2017 18:01

ایل ڈی اے کے 22پلاٹ 27کروڑ69لاکھ روپے میں نیلام
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء)لاہور ڈویلپمنٹ اتھار ٹی کی مختلف رہائشی سکیموں میں واقع22 کمر شل پلاٹ مجموعی طور پر27 کروڑ69 لاکھ33ہزار روپے میں نیلام کر دئیے گئے۔ سب سے زیادہ بولی محمد علی جوہر ٹائون سکیم کے بلاک جی فور میں واقع 60مربع میٹر رقبے کے کارنر پلاٹ نمبر798-B کے لئے دی گئی۔اس کی بولی کی ابتدائی قیمت40 لاکھ روپے فی مرلہ رکھی گئی تھی جبکہ یہ40 لاکھ15ہزار روپے فی مرلہ کے حساب سے مجموعی طور پرایک کروڑ15لاکھ 26ہزارروپے میں نیلام ہوا۔

گلبرگ‘ جو ہر ٹائون ‘پیکیجز کوارٹرز والٹن ‘جوبلی ٹائون ‘ سبزہ زار‘گجر پورہ اور موہلنوال ہائوسنگ سکیموں میں واقع کمر شل پلاٹوںکا نیلام عام ایل ڈی اے کمیونٹی سنٹر 239-A نیو مسلم ٹائون نزد ایوبیہ مارکیٹ میں منعقد ہو ا جس کی نگرانی ایل ڈی اے کی آکشن کمیٹی کے ارکان ڈائریکٹر فنانس فارقلیط میر‘ ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ سیدندیم اختر زیدی ‘ ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ عبد الستار خان ‘عثمان غنی ‘ محمد نعمان خان اورخواجہ توقیرحسن ‘ڈائریکٹرز لینڈ ڈویلپمنٹ عاصم سلیم اورمعظم رشید ‘ڈپٹی ڈائریکٹر سیلز اینڈ الاٹمنٹ خرم یعقوب اور دیگر متعلقہ افسران نے کی۔

(جاری ہے)

نیلام عام کے دوران بولی میں حصہ لینے کے خواہشمند73حضرات نے زر ضمانت جمع کروائی ۔نیلامی شروع ہونے سے پہلے نیلام عام کی شرائط پڑھ کر سنائی گئیں۔نیلامی میں شہریوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا ا ور ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر بولی دی ۔