پاکستان کی معیشت مثبت بحالی کے ساتھ مستحکم ہوئی ہے ، ملکی معیشت 2013ء میں موجودہ حکومت کو ورثہ میں ملنے والے متعدد چیلنجوں کے باوجود تیزی سے ترقی کر رہی ہے، سی پیک کے تحت مختلف منصوبہ جات پر مستعدی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے بالخصوص پاکستان اور بالعموم خطہ کو بہت زیادہ فائدہ ہو گا

وزیراعظم محمد نواز شریف کا مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 21 مارچ 2017 16:56

پاکستان کی معیشت مثبت بحالی کے ساتھ مستحکم ہوئی ہے ، ملکی معیشت 2013ء ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مثبت بحالی کے ساتھ مستحکم ہوئی ہے اور یہ 2013ء میں موجودہ حکومت کو ورثہ میں ملنے والے متعدد چیلنجوں کے باوجود تیزی سے ترقی کر رہی ہے، پاک۔چین اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبہ جات پر مستعدی سے کام جاری ہے جن کے مکمل ہونے سے بالخصوص پاکستان اور بالعموم خطہ کو بہت زیادہ فائدہ ہو گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے بجلی کی قلت دور کرنے اور پاکستان میں مواصلاتی روابط بڑھانے کیلئے توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی قلت پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے اور 2018ء تک لوڈ شیڈنگ تاریخ کا حصہ بن جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم موٹرویز، شاہرات اور بنیادی ڈھانچہ کے دیگر منصوبوں پر بھی خطیر سرمایہ لگا رہے ہیں، ملک بالخصوص کراچی اور بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے بہت مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے آزاد اور معتبر مالیاتی اداروں نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور ترقی کی صحیح سمت میں گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے منصوبوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے مکمل شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، ان منصوبوں کے ثمرات اور فوائد پاکستان کے تمام حصوں اور لوگوں تک پہنچیں گے۔ وزیراعظم نے اپنی پارٹی کے ارکان سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کے عوام کے مسائل دور کرنے کیلئے بھرپور کاوشیں بروئے کار لائیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس کے شرکاء کو گذشتہ چار سال کے دوران حاصل ہونے والے مالیاتی استحکام اور اقتصادی نمو کے بارے میں آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان ریلوے کے منصوبوں اور کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں 2013ء سے وسائل، منافع، مال برداری اور مسافروں سے حاصل ہونے والی آمدن میں کئی گنا اضافہ ظاہر ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خان عباسی نے توانائی کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے شرکاء کو گذشتہ چار سال کے دوران پانی و بجلی کی وزارت کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد نے اجلاس کے شرکاء کو پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ شرکاء نے ترقیاتی منصوبہ جات کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے پر وزیراعظم کے کردار کو سراہتے ہوئے ملکی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔