بھارت کا سیکولر ازم کا دعوی دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے، دنیا سمجھ چکی مودی بھارت میں ہندوواکثریت کی آمریت مسلط کرنا چاہتا ہے ، بیرسٹر سلطان

بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں سے زیادتیاں اور حقوق پر ڈاکے ڈالنے جیسے حالات پیدا کیے جا رہے ، صدر پی ٹی آئی کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 21 مارچ 2017 16:49

اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کا سیکولر ازم کا دعوہ اب دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے۔ دنیا اب یہ سمجھ چکی ہے کہ مودی بھارت میں ہندوواکثریت کی آمریت مسلط کرنا چاہتا ہے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں سے زیادتیاں اور ان کے حقوق پر ڈاکے ڈالنے جیسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں۔

بالخصوص بھارت کے صوبے یوپی میں حالیہ انتخابات میں ایک ایسے فرد کواتر پردیش کا وزیر اعلی بنا دیا گیا ہے جو کہ ایک انتہاء پسند ہندوو ہے اور مسلمانوں کے بڑے صوبے میں سے صرف ایک مسلمان وزیر لیا گیا ہیاور جسے وزیر اعلی بنایا گیا ہے وہ انتہاء پسند ہندوو اور مسلمانوں کے خون کا پیاسا ہے۔

(جاری ہے)

جیسا کہ نریندر مودی نے بطور وزیر اعلی مسلمانوں کا قتل عام کرایا تھا جس پر امریکہ نے اس کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اسی طرح کی بربریت مودی مقبوضہ کشمیر میں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔اس پر دنیا کو اپنی آواز اٹھانی چاہیے اور بھارت میں جو لبرل جماعتیں ہیں انہیں بھی اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔ بھارت کی سول سوسائٹی بڑی مضبوط ہے اسے بھی اپنی آواز بلند کرنی چاہیے اور مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو بھی مودی کے ہاتھ روکنے کے لئے آواز اٹھانی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی نے جہاں بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ظلم و بربریت جاری رکھی ہوئی ہے اور آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے اور سیئز فائر لائن پر آئے روز خواتین اور بچے شہید ہو رہے ہیں۔اس پر عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور مودی سرکار کو ان کارروائیوں سے باز رکھنے کیلئے عالمی برادری موثر طریقے سے بھارت پر دبائو ڈالے۔

متعلقہ عنوان :