مردم شماری پر سندھ کے خدشات دورنہیں کئے گئے تو نتائج تسلیم نہ کرنے پر مجبورہونگے،نثار کھوڑو

نیب صرف سندھ اور پیپلزپارٹی کو نشانہ بنارہا ہے،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا ،فوری گرفتار کیا جائے وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ، 4اپریل کوشہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی بھرپور طریقے سے منائی جائے گی،سکھر میں میڈیا سے گفتگو

منگل 21 مارچ 2017 16:47

مردم شماری پر سندھ کے خدشات دورنہیں کئے گئے تو نتائج تسلیم نہ کرنے پر ..
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ مردم شماری پر سندھ کے خدشات دور نہیں کئے گئے تو نتائج تسلیم نہ کرنے پر مجبورہونگے۔شفاف مردم شماری چاہتے ہیں مگر وفاق سندھ کے ساتھ زیادتی کررہا ہے ۔نیب صرف سندھ اور پیپلزپارٹی کو نشانہ بنارہا ہے ۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا ہے ان کو فوری گرفتار کیا جائے جبکہ وزیراعظم کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالاجائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ 4اپریل کوشہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی بھرپور طریقے سے منائی جائے گی۔ برسی کے موقع پر بڑا جلسہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

برسی کے انتظامات کا جائزہ لینے لاڑکانہ ڈویژن کا اجلاس طلب کرلیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہمارے مردم شماری پر تحفظات برقرار ہیں ۔مردم شماری کا ڈیٹاز راز میں رکھ کر وفاقی حکومت بدنیتی ظاہر کررہی ہے ۔شفاف مردم شماری چاہتے ہیں مگر وفاق سندھ کے ساتھ زیادتی کررہا ہے۔مردم شماری پر سندھ کے خدشات ختم نہیں کئے گئے تو نتائج تسلیم نہ کرنے پر مجبورہونگے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی ہمیشہ سندھ سمیت چھوٹے صوبوں کے ساتھ زیادتی کی روش رہی ہے۔صوبوں کو ابھی تک قومی مالیاتی ایوارڈ نہیں دیا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سی پیک اکنامک کوریڈور ہے۔ سندھ نے کیٹی بندر اسکیم کو سی پیک میں شامل کرانے کی بات منوائی ہے۔ن لیگ کی بدنیت حکومت سندھ کے منصوبے سی پیک میں شامل نہیں کر رہی تھی مگر سندھ نے کراچی سرکلر ریلوے، انڈسٹریل زون منصوبے شامل کرائے ہیں۔

سی پیک کا کریڈٹ نواز شریف نہیں لے سکتے ۔یہ منصوبہ سابق صدر آصف علی زرداری کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ نواز شریف کو 4 سال بعد سندھ یاد آیا ہے ۔یہ سندھ میں نوا زشریف کی الوداعی پارٹیاں ہیں۔انہوںنے کہا کہ شرجیل میمن ضمانت پرتھے ان کی گرفتاری غیر قانونی عمل تھا ۔نیب کو صرف پیپلز پارٹی اور سندھ ہی کیوں نظر آتا ہے ۔اسحاق ڈار کو گرفتار کیا جائے کیوں کے انہوںنے منی لانڈرنگ کا اعتراف بھی کیاہے۔وزیراعظم کا اپنا نام پاناما اسکینڈل میں سامنے آیا ہے ان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔انہوںنے کہا کہ عدالتیں آزاد ہیں پیپلز پارٹی کے رہنما عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرینگے۔