پس پردہ جوڑ توڑ ، سیاسی جماعتوں سے رابطوںکا محاذ آصف زرداری ،فرنٹ فٹ پر جلسوں کا محاذ بلاول بھٹو سنبھالیں گے

سیاسی جماعتوں سے ایڈجسٹمنٹ کی پالیسی پر بھی فوری رابطوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ ،وسیع مشاورت کر لی گئی پہلے مرحلے میں پنجاب کے ہر ڈویژن ، دوسرے مرحلے میں ضلع کی سطح پر جلسے ہونگے، تنظیمیں مکمل ہونے والی ڈویژن میں جلسوں کا شیڈول دیدیا جائیگا ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے بعد پیپلز پارٹی بھرپور طریقے سے سیاسی میدان سجائے گی ‘ آصف علی زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے رہنمائوں نے قیادت کو بلاول ہائوس لاہور کو سیاسی سر گرمیوں کا مرکز بنانے کی بھی تجویز دیدی ‘ ذرائع

منگل 21 مارچ 2017 16:47

پس پردہ جوڑ توڑ ، سیاسی جماعتوں سے رابطوںکا محاذ آصف زرداری ،فرنٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر آصف علی زرداری نے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے وسیع مشاورت کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دیدی ،سیاسی جماعتوں سے ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے فوری رابطوں کا آغاز کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی جبکہ جلسوں کا محاذ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سنبھالیں گے، رہنمائوں نے قیادت کو بلاول ہائوس لاہور کو سیاسی سر گرمیوں کا مرکز بنانے کی بھی تجویز دیدی ۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے سیاسی محاذ گرمانے کیلئے متعدد فیصلوں کی منظوری دیدی ہے جس کے لئے وسیع پیمانے پر مشاورت کی گئی ہے۔ پس پردہ جوڑ توڑ اور سیاسی جماعتوں سے رابطوںکا محاذ آصف علی زرداری جبکہ فرنٹ فٹ پر جلسوں کا محاذ بلاول بھٹو زرداری سنبھالیں گے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی نائب صدر میاں منظور احمد وٹو ، صدر وسطی پنجاب قمر زمان کائرہ ، سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار ، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نواز کھوکھر ، سابق وفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی ، حاجی عزیز الرحمن چن ،ندیم افضل چن ،مصطفی نواز کھوکھر اوردیگر رہنمائوں کے ساتھ مشاورتی ملاقات میں طے کیا گیا کہ پیپلز پارٹی اب بھرپور انداز سے سیاسی محاذ گرمائے گی ۔

بتایا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں سے ایڈجسٹمنٹ کی پالیسی پر بھی فوری رابطوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے وسیع مشاورت کی گئی ہے۔ آصف علی زرداری پس پردہ جوڑ توڑ اور سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے جبکہ بلاول بھٹو فرنٹ فٹ پر سیاسی محاذ سنبھالیں گے اور بھرپور جلسے کریں گے ۔آصف علی زرداری نے پنجاب بھر میں بلاول بھٹو کے سیاسی جلسوں کی منظوری دیدی ہے۔

پہلے مرحلے میں پنجاب کے ہر ڈویژن میں جلسے ہوں گے ، دوسرے مرحلے میں ضلع کی سطح پر جلسے ہوں گے ۔ جن جن ڈویژن میں تنظیمیں مکمل ہوچکی ہیں وہاں جلسوں کا شیڈول دیدیا جائے گا ۔ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے بعد پیپلز پارٹی بھرپور طریقے سے سیاسی میدان سجائے گی ۔ آصف علی زرداری پنجاب بھر کے اضلاع میں سیاسی رابطے کریں گے ۔ سیاسی جماعتوں سے تعاون ، انتخابی ایڈجسٹمنٹ اور دیگر امور کو براہ راست آصف علی زرداری دیکھیں گے۔