گندم کے معیار اور مقدار میں کمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،محمدشفیق

منگل 21 مارچ 2017 16:33

گندم کے معیار اور مقدار میں کمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،محمدشفیق
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) صوبائی وزیر خوراک محمد شفیق نے کہا ہے کہ گندم کے معیار اور مقدار میں کمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپو میں گندم نہ ملنے کی شکایت پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ منگل کو ضلع شگر کے دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ گھروں کی دہلیزپر گندم پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ضلع شگر کے دورے کے دوران صوبائی وزیر گاڑی روک کر راہ چلتے لوگوں سے گندم کی فراہمی سے متعلق سوالات پوچھتے رہے۔ دانیال چوک شگر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے گندم کے سٹاک، ترسیل کے طریقہ کار اور محکمہ خوراک کے عملے کے روئے سے متعلق معلومات لینے کیلئے محمدشفیق گاڑی سے اترے تو چوک میں موجود لوگ ان کے گرد جمع ہوئے اورلوگوں سے ملاقات کھلی کچری میں تبدیل ہوگئی۔

(جاری ہے)

شگر باشہ کے علی محمد، موسی علی، محمد حسین اور کئی دیگر افراد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ پہلی بار معیاری گندم مقدار کے مطابق ہمیں مل رہی ہے تاہم آبادی کے لحاظ سے کوٹہ بہت کم ہے۔ وزیر خوراک نے نوجوانوں کو اپنا وزیٹنگ کارڈ دیتے ہوئے کہا کہ گندم کے حصول میں مشکل پیش آنے پرفوری مطلع کریں ۔صوبائی وزیر نے مختلف علاقوں میں گوداموں کا معائنہ کیا اور گندم کوٹے کا سٹاک چیک کیا۔