بانی ایم کیو ایم کیس، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ برطانوی وزیر داخلہ

پاکستانی عوام اور تارکین وطن سے قریبی روابط ہیں،پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ برطانوی وزیر داخلہ امبرد کی پریس کانفرنس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 مارچ 2017 15:58

بانی ایم کیو ایم کیس، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ برطانوی وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2017ء) : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں برطانوی وزیر دخلہ امبر رد سے کئی معاملات پر بات چیت ہوئی۔

برطانوی وزیر داخلہ سے سکیورٹی، انسداد دہشتگردی ، منشیات اور امیگریشن پر بھی بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو سمجھا۔ دونوں ملکوں نے مشتکہ مسائل کے حل پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ اور پاکستان کے مابین دو معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانیہ سے پاکستان کے مستحکم تعلقات ہیں۔

جس پر برطانوی ہم منصب کے ساتھ مثبت اور خوشگوار بات ہوئی۔ ملاقات میں اطلاعات کے تبادلے کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان میں ایسے کوئی مسائل نہیں جو تعلقات میں رکاوٹ ہوں۔ بات چیت کے بعد ہی دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔دستاویزات کے بغیر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے متعلق معاہدہ ہوا ہے۔ اُمید ہے کہ برطانوی حکام آئندہ بھی دورے کرتے رہیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں برطانوی وزیر داخلہ امبر رد کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔ امبر رد کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا ہے۔ پاکستان کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان میں تعاون کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

پاکستانی عوام اور تارکین وطن سے قریبی روابط ہیں۔برطانیہ تمام شہریوں سے یکساں اور بلا امتیاز انصاف کرتا ہے۔ دونوں ممالک کی خوشحالی کے لیے مشترکہ مواقع موجود ہیں۔ برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کا کردار بہتر بنانے کے لیے چوہدری نثار کا کردار کلیدی ہے۔

ہم پاکستان کے ساتھ ہر معاملے میں شراکت داری جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔برطانوی وزیر داخلہ نے یوم پاکستان کے حوالے سے تقریبات پر مبارکباد پیش کی۔ برطانوی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ نیو اسلام آباد ائیر پوڑت کی سکیورٹی سے متعلق بھی پاکستانی ہم منصب سے بات ہوئی۔ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے متعلق برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ چوہدری نثار سے بانی ایم کیو ایم سے متعلق بات چیت ہوئی۔

اس معاملے پر پاکستانی حکومت کی تشویش سمجھتی ہوں۔ بانی ایم کیو ایم کا کیس پولیس اور سی پی ایس کا معاملہ ہے۔ بانی ایم کیو ایم پر کیسز سے متعلق انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔مجرموں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت کئی مجرموں کو حوالے کیا گیا۔برطانیہ کی غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق عدم برداشت کی پالیسی ہے۔ ہم یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد پاکستان سے تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔