آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے نیا پرومو جاری

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم ،چاروں صوبوں اورگلگت بلتستان کے وزراء اعلی کے پیغامات شامل

منگل 21 مارچ 2017 16:14

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم ،چاروں صوبوں اورگلگت بلتستان کے وزراء اعلی نے یوم پاکستان (23مارچ) کے موقع پراس عہد کی تجدید کی ہے کہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے ‘ہمارے ابائو اجداد نے یہ ملک بنایا ہم ہی اس کو سنواریں گے ،کشمیر بنے گا پاکستان ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے جاری پرومو میں وزیراعظم آزادوجموں کشمیر فاروق حیدر خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر بنے گاپاکستان کیونکہ یہ ہے ہم سب کا پاکستان ۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے‘ یوم پاکستان پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہمارے ابائو اجداد نے یہ ملک بنایا ہم ہی اس کو سنواریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان کے لئے مل جل کر جدوجہد کریں تو یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ دنیا میں ہمارا مقابلہ کوئی نہیں کرسکتا ‘کیونکہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے ۔

وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ جب ہم اکٹھے ہوئے تو ملک بنا ‘ہم متحد رہیں گے تو ترقی اور خوشحالی کی ہر منزل ہماری ہوگی ،یہ ہی ہے قائد کا پاکستان ‘ہم سب کا پاکستان ۔وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ آج ہی کے دن قرارداد پاکستان پاس ہوئی تھی جو آگے چل کر پاکستان بننے کا موجب بنا ‘پاکستان تاقیامت سلامت رہے ‘اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو ‘پاکستان زندہ باد ۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس ملک کی بنیادوں میں ہمارے بزرگوں کا خون شامل ہے ‘اس کی حفاظت ‘مذہب زبان اور فرقے سے بالا تر ہو کر یں گے کیونکہ یہ ہے ہم سب کا پا کستان ۔