پرویزمشرف نےبالواسطہ ڈیل کاپیغام بھیجا،لیکن میں نےانکارکردیا،نوازشریف

آج2017ء کاپاکستان2013ءکے پاکستان سےبہت بہترہے،2018ءتک لوڈشیڈنگ تاریخ کاحصہ بن جائیگی،سی پیک کےتحت مختلف منصوبہ جات پرمستعدی سےکام جاری ہے۔وزیراعظم کا(ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کےاجلاس سےخطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 مارچ 2017 15:34

پرویزمشرف نےبالواسطہ ڈیل کاپیغام بھیجا،لیکن میں نےانکارکردیا،نوازشریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2017ء) : وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر معاملات بھی زیر غور آئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کٹھن ہے،لیکن پھر بھی چیلنجز کا بھرپور سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ 1999ء والا دورنہیں ہے میں گذشتہ چار سالوں میں بہت محنت کرنا پڑی۔

وزیر اعظم نے شرکا کو ہدایت کی کہ اپنی پارلیمانی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے آج پارلیمنٹ میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پرویز مشرف نے بالواسطہ پیغام بھیجا کہ وہ معاملات طے کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن میں نے انڈر ہینڈ ڈیل کرنے سے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

2007ء میں بھی پرویز مشرف انڈر ہینڈ ڈیل کرنا چاہتے تھے۔ ہم بُرے حالات میں پاکستان سے گئے تھے ، ہم جانا نہیں چاہتے تھے لیکن ہمیں زبردستی بھیجا گیا۔

ہم تب بھی واپس آنا چاہتے تھے لیکن ہمیں واپس نہیں آنے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں خفیہ ڈیل پر یقین نہیں رکھتا اسی لیے اللہ نے ہمیں سرخرو کیا ہے۔ آج مشرف چاہنے کے باوجود پاکستان نہیں آسکتے یہی مکافات عمل ہے۔ مزیدبرآں اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے بجلی کی قلت دور کرنے اور پاکستان میں مواصلاتی روابط بڑھانے کیلئے توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی قلت پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے اور 2018ء تک لوڈ شیڈنگ تاریخ کا حصہ بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم موٹرویز، شاہرات اور بنیادی ڈھانچہ کے دیگر منصوبوں پر بھی خطیر سرمایہ لگا رہے ہیں، ملک بالخصوص کراچی اور بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے بہت مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے آزاد اور معتبر مالیاتی اداروں نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور ترقی کی صحیح سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے منصوبوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے مکمل شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، ان منصوبوں کے ثمرات اور فوائد پاکستان کے تمام حصوں اور لوگوں تک پہنچیں گے۔

وزیراعظم نے اپنی پارٹی کے ارکان سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کے عوام کے مسائل دور کرنے کیلئے بھرپور کاوشیں بروئے کار لائیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس کے شرکاء کو گذشتہ چار سال کے دوران حاصل ہونے والے مالیاتی استحکام اور اقتصادی نمو کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان ریلوے کے منصوبوں اور کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں 2013ء سے وسائل، منافع، مال برداری اور مسافروں سے حاصل ہونے والی آمدن میں کئی گنا اضافہ ظاہر ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خان عباسی نے توانائی کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے شرکاء کو گذشتہ چار سال کے دوران پانی و بجلی کی وزارت کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد نے اجلاس کے شرکاء کو پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ شرکاء نے ترقیاتی منصوبہ جات کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے پر وزیراعظم کے کردار کو سراہتے ہوئے ملکی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



پرویزمشرف نےبالواسطہ ڈیل کاپیغام بھیجا،لیکن میں نےانکارکردیا،نوازشریف