جنسی کاروبار کیلئے فروخت کی گئی بھارتی خاتون سعودی عرب میں بازیاب

ایک ایجنٹ گجرات ، ایک ممبئی سے گرفتار،دیگرکی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں،بھارتی عہدیدار

منگل 21 مارچ 2017 16:14

جنسی کاروبار کیلئے فروخت کی گئی بھارتی خاتون سعودی عرب میں بازیاب
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) ملازمت کا جھانسہ دے کر سعودی عرب میں جنسی کاروبار کے لیے فروخت کی گئی بھارتی خاتون کو بازیاب کرالیا گیا۔دوسری جانب یہ خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ بھارت میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے بھارتی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ خاتون کو ملازمت کا جھانسہ دے کر فروخت کرنے والے ایک ایجنٹ کو بھارتی ریاست گجرات اور ایک کو ممبئی سے گرفتار کرلیا گیا، جب کہ دیگر ایجنسٹس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایک سال قبل 35 سالہ خاتون کو ماہانہ 600 ڈالر (بھارتی 40 ہزار روپے تنخواہ) پر ملازمت دلوانے کا وعدہ کرکے دبئی لے جایا گیا تھا۔خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے مملکتی وزیر نے بتایا کہ خاتون کو بعد ازاں سعودی عرب کے شہر ریاض میں ایک اور مالک کو فروخت کردیا گیا، جہاں اسے تشدد اور ریپ کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔مملکتی وزیر کے مطابق بازیاب کرائی گئی خاتون کا ریاست گجرات کے ایک ہسپتال میں علاج جاری ہے۔