پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام لایا جارہا ہے،وزیراعظم

منگل 21 مارچ 2017 15:25

پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام لایا جارہا ہے،وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا ترقیاتی ایجنڈا جاری رہے گا‘ گوادر پورٹ اور سی پیک کے منصوبے کی وجہ سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہورہا ہے‘ ارکان پارلیمنٹ عوام سے رابطے بڑھائیں اور ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا‘ پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام لایا جارہا ہے ۔

وہ مسلم لیگ (ن) کی سینٹ اور قومی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فوجی عدالتوں کی مدت میں دو سال کی توسیع کے لئے قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے آئینی ترمیمی بل اور اس پر اتفاق رائے کے لئے سیاسی جماعتوں سے ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی صدارت میں پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی‘ اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پورے پاکستان کے دورے کررہے ہیں اور بڑے بڑے عوامی اجتماعات سے نہ صرف خطاب کرتے ہیں بلکہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے ترقیاتی پیکج بھی دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کے علاوہ سندھ‘ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے دورے بھی کرچکے ہیں۔ آئندہ سال کے الیکشن کی ابھی سے تیاریاں شروع کی جائیں آخری سال ہے ارکان پارلیمنٹ خوب محنت کریں عوام سے رابطے بڑھائیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

ترقی کا ایجنڈا آگے بڑھایا جائے گا سی پیک کے منصوبے سے خطے میں تبدیلی آئے گی پاکستان میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہورہا ہے‘ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے جو اقدامات کئے گئے تھے ان کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ دریں اثنا وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ عالمی اداروں کا اعتماد بڑھا ہے‘ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کا فیصلہ وسیع تر قومی مفاد میں کیا جارہا ہے تاکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے اور وہ تمام سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس بل پر اتفاق کیا ہے