ملک کے بقاء اور بہترین ماحول کے لئے کل رقبے کا 25فیصد پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے،افتخار الزمان

منگل 21 مارچ 2017 15:11

مری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء)درخت قدرت کے خاموش ثناء خوان ہیں ان کی حفاظت ہر شخص کا قومی فریضہ ہے کسی بھی ملک کے بقاء اور بہترین ماحول کے لئے کل رقبے کا 25فیصد پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے جنگلات ہمیں آکسیجن کی صورت میں زندگی فراہم کرتے ہیں اور ماحول کو آلودہ کرنے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کر کے ماحول کو پرفضا بناتے ہیں منگل کوجنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ڈویژنل فارسٹ آفیسر وائلڈ لائف ایبٹ آباد افتخار الزمان نے کہا کہ ہم یہ دن بہتر انتظام اور انصرام کے عہد کی تجدید کے ساتھ منارہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت جنگلات بھی ہیں انسان کو صحت مند زندگی گزارنے کے لئے جنگلات کی اہمیت اور افادیت سے انکار ممکن نہیں ہے ان کا کہنا تھا ماحول کو صاف ستھر ا رکھنے پانی کی کمی کو پورا کرنے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے جنگلات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے افتخار الزمان کا کہناتھا کہ گلوبل وارمنگ اور موسم کی تغیر و تبدل کے خلاف جنگلات ہی ڈھال کا کام سرانجام دیتے ہیں جبکہ قدرتی آفات جیسے زلزلے اور سیلاب کے دوران بھی جن علاقوں میں درخت ہوتے ہیں وہاں پر نقصانات کم سے کم ہوتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے معاشی اور ماحولیاتی فلاح کے لئے ضروری ہے کہ اس کے کل رقبے کا 25فیصد حصہ جنگلات پر مشتمل ہو اقوام عالم اس وقت کوشش کر رہی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر جنگلات اگائے جائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول فراہم ہو سکے ڈی ایف او وائلڈلائف نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخواہ نے اس سلسلے میں نہایت اہم اقدامات کیے ہیں اور ایک ارب درخت کی شجر کاری مہم کے تحت کروڑوں کی تعداد میں پودے لگائے جا رہے ہیںجو کہ ہمارے بہتر مستقبل کے آئینہ دار ہوں گے انھوں نے کہا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصدعوام میں شعور اور آگاہی پیدا کر نا ہے تمام مکاتب فکر کو مل بیٹھ کے ان قدرتی وسائل کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے درخت لگانا ایک دینی فریضہ ہے اس میں ہر شخص کو بڑھ کر حصہ لینا چائیے ایبٹ آباد وائلڈلائف ڈویژن کے تمام سب وائلڈلائف ڈویژنز میںبھی تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ جنگلات کی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جا سکے ۔