امریکہ فلسطین میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ہونیوالی انسانی حقوق کی پامالیوں کی پشت پناہی کررہا ہے، حماس

انسانی حقوق پامالیوں کے معاملے کو انسانی حقوق کونسل میں پیش کرنے کے امریکی اعلان کیخلاف فلسطینی قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، فوزی برھوم

منگل 21 مارچ 2017 14:35

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) حماس نے فلسطین میں انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے امریکی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ فلسطین میں قابض اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ہونیوالی انسانی حقوق کی پامالیوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔اطلاعات کے مطابق حماس ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے معاملے کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بحث کیلئے پیش کرنے کا اعلان صہیونی ریاست کی طرف داری کا واضح ثبوت ہے۔

انسانی حقوق کی پامالیاں فلسطینی نہیں بلکہ وہ غاصب کررہے ہیں جن کا فلسطین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔فوزی برھوم نے کہا کہ امریکی موقف صہیونی ریاست کو فلسطینیوں کیخلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال، انسانی حقوق کی پامالیوں اور جنگی جرائم کے تسلسل کی کھلی چھٹی دینے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

حماس ترجمان نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے معاملے کو انسانی حقوق کونسل میں پیش کرنے کے امریکی اعلان کیخلاف فلسطینی قوم کو آپس میں متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ ملکر فلسطینیوں کے حقوق غصب کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں اسرائیلی ریاست کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :