برطانیہ کے کاروباری افراد و سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں

وزیراعظم محمد نواز شریف کی برطانوی وزیر داخلہ امبر رڈ سے ملاقات میں گفتگو

منگل 21 مارچ 2017 14:06

برطانیہ کے کاروباری افراد و سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں وسیع مواقع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سے برطانوی وزیر داخلہ امبر رڈ نے منگل کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے برطانوی سیکرٹری داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے ستمبر 2016ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہونے والی اپنی تعمیری ملاقات کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مشترکہ تاریخ اور عوام کے مابین مضبوط رابطوں کی بنیاد پر استوار ہیں اور پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، امن و سلامتی اور ترقی کے لئے تعاون کے سلسلے میں قریبی اشتراک کار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گہرے ادارہ جاتی دوطرفہ تعاون سے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے بہت مددگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانیہ کے ساتھ موجودہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 20 کروڑ لوگوں کی مستحکم مارکیٹ ہے جہاں متوسط طبقہ ابھر رہا ہے اور برطانیہ کے کاروباری افراد و سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (ڈی ایف آئی ڈی) کے کام کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانوں کی زیر قیادت افغانوں کے اپنے امن اور بحالی کے عمل کی حمایت اور اس سلسلے میں سہولت فراہم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔ ہم علاقائی امن اور استحکام کے لئے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ برطانوی سیکریٹری داخلہ امبر رڈ نے شاندار خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علاقائی امن کے لئے کی جانے والی کوششوں کے سلسلے میں برطانیہ اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔