ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا کو وائٹ ہاؤس میں دفتر دیا جائے گا

عہدے کا کوئی سرکاری نام نہیں ہو گا اور نہ ہی انھیں اس کی تنخواہ ملے گی،امریکی اخبار

منگل 21 مارچ 2017 13:25

ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا کو وائٹ ہاؤس میں دفتر دیا جائے گا
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) امریکی انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا کو وائٹ ہاؤس میں ایک دفتر دیا جائے گا۔وہ امریکی انتظامیہ کے مرکز ویسٹ ونگ میں کام کریں گی تاہم ان کے عہدے کا کوئی سرکاری نام نہیں ہو گا اور نہ ہی انھیں اس کی تنخواہ ملے گی۔اس عہدے کی رو سے 35 سالہ ایوانکا کو خفیہ معلومات تک رسائی حاصل ہو گی۔

امریکی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ایوانکا صدر ٹرمپ کو متنوع امور پر مشاورت فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

ایوانکا ایک فیشن برانڈ کی مالک ہیں۔ ان کے خاوند جیرڈ کشنر پہلے ہی صدر ٹرمپ کے اعلیٰ سطح کے مشیر ہیں۔بعض حلقوں نے اس جوڑے کے امریکی صدر پر اثر و رسوخ پر تشویش ظاہر کی ہے کہ اس سے مفادات کا ٹکراؤ ہو سکتا ہے۔یہ بحث بھی ہو رہی ہے کہ آیا ٹرمپ کے خاندان اور ان کی تجارتی سرگرمیوں میں واضح سرحد موجود ہے۔جنوری میں صدر ٹرمپ کی تقرری کے بعد سے ایوانکا بین الاقوامی رہنماؤں کے ساتھ صدر ٹرمپ کی ملاقاتوں میں شامل رہی ہیں، جن میں کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اور جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ملاقاتیں شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :