کوریا کا ایکسپورٹ امپورٹ بینک اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے لئے 76.3ملین ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا

مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو ڈیجیٹل اور معاشی طور پر خودکفیل ملک بنانا چاہتی ہے،ڈیجیٹل پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے‘ سینیٹر اسحاق ڈار پاکستان کو ڈیجیٹل ملک بنانے کے منصوبے کا ایک حصہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا قیام ہے‘صوبائی دارالحکومتوں میں بھی آئی ٹی پارکس قائم کئے جائیں گے‘وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن

منگل 21 مارچ 2017 13:07

کوریا کا ایکسپورٹ امپورٹ بینک اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو ڈیجیٹل اور معاشی طور پر خودکفیل ملک بنانا چاہتی ہے،ڈیجیٹل پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے،سافٹ ویئر پارک کے قیام سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو ترقی دینے میں مدد ملے گی ۔

منگل کو اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے حوالے سے کوریا کے ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم) اور حکومت پاکستان کے درمیان اکنامک ڈویلمپنٹ کوآپریشن فریم ورک ( ای ڈی سی ایف) کے تحت قرضہ کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سافٹ ویئر پارک کے قیام سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں عوامی سہولیات کے حوالے سے عوامی مراکز قائم کئے جبکہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ کوریا پاکستان کا دوست ملک ہے جو وفاقی دارالحکومت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے لئے 76.3ملین ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا ، منصوبہ پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 88.383ملین ڈالر کے قریب ہے انہوں نے کہا کہ پارک کے قیام کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کا فروغ ہے کیونکہ ڈیجیٹل پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے قرض کی فراہمی کے حوالے سے کوریا کی حکومت ‘ پاکستان میں تعینات کوریا کے سفیر اور ایگزم بینک سمیت کوریا کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوریا پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے مختلف منصوبوں کے لئے مالی معاونت فراہم کررہا ہے آنے والے وقتوں میں پاک کوریا باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے انہوں نے کہا کہ کوریا نے پاکستان میں اسلام آباد تا لاہور ایم ٹو موٹر وے کا منصوبہ مکمل کیا جو کوریا کا پاکستان میں پہلا بڑا میگا منصوبہ تھا، اس منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان اور کوریا کے دوطرفہ رابطوں اور باہمی تعاون میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید اضافہ اور استحکام پیدا ہو رہا ہے۔

اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمن نے کہا کہ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے قیام کے حوالے سے کوریا کے ساتھ معاہدے پر دستخط کا انتظار تھا، انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں آئی ٹی پارک کے قیام کے حوالے سے پوری قوم کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرقیادت مسلم لیگ (ن) کے ہر دور حکومت میں عوامی فلاح و بہبود اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مختلف منصوبوں کو مکمل کیا گیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہر گزرتے کے دن کے ساتھ ساتھ جدت پیدا ہو رہی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے حکومت سنبھالتے ہی کہا تھا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل ملک بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں، وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اس سلسلے میں کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل ملک بنانے کے منصوبے کا ایک حصہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا قیام ہے جس سے آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی و فروغ میں نمایاں مدد ملے گی۔

انوشہ رحمن نے کہا کہ وسیع و عریض احاطے پر قائم کئے جانے والے آئی ٹی پارک میں 100 سے زائد کمپنیوں کے کام کرنے کی گنجائش ہوگی جبکہ پارک میں بین الاقوامی معیار کی تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جو کسی بھی ایکو سسٹم کے لئے بنیادی ضرورت کی حامل ہیں۔ وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت یہ ملک کا پہلا پارک ہوگا جو عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا اس کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے لئے زمین حاصل کرلی گئی ہے، صوبائی دارالحکومتوں میں بھی آئی ٹی پارکس قائم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت چوتھے صنعقی انقلاب اور ای گورننس کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اسلام آباد میں قائم کیا جانے والا آئی ٹی پارک ای گورننس کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے ڈیجیٹل پاکستان کے عزم کی تکمیل میں مدد ملی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سارک ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جو ای گورننس کے شعبہ کی ترقی کے لئے جامع اقدامات کررہا ہے۔

اس موقع پر ایگزم بینک کوریا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ینگ ہون چنگ نے کہا کہ کوریا پاکستان کے ساتھ ملکر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں کام کرے گا جس سے دوطرفہ رابطوں میں مزید وسعت پیدا ہوگی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بہترین ماہرین موجود ہیں اور آئی ٹی پارک کے قیام سے پاکستان کے عوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایگزم بینک کوریا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بہتری کے لئے باہمی تعاون میں مزید اضافہ کرے گا جس سے پاکستان اور کوریا کے دوطرفہ رابطوں ‘ اقتصادی تعاون اور عوام کے عوام سے رابطوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) اور اقتصادی امور ڈویژن سمیت کوریا کے سفارتخانے اور ایگزم بینک کوریا کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔