عالمی کساد بازاری کے باوجود چینی اصلاحات قابل تعریف ہیں

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ چین ہی نہیں دیگر ممالک کیلئے بھی ترقی کے دروازے کھول دیگا چینی معیشت کو مشکلات درپیش ہیں لیکن وہ موثر طورپر نمٹ رہی ہے،سی ای او عالمی بینک

منگل 21 مارچ 2017 12:51

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) چین کی ڈھانچہ جاتی اصلاحات عالمی کساد بازاری کے باوجود قابل تعریف ہیں اور واقعی بہت اچھی جارہی ہیں ، 2016ء میں عالمی سطح پر ترقی کی شرح 2.3فیصد رہی جو بڑی مایوس کن تھی جبکہ ایک تہائی سے زیادہ 35فیصد کا حصہ چین کی طرف سے ڈالا گیا اور یہ خاص طورپر قابل ذکر ہے کیونکہ چین اپنی معیشت کو متوازن بنارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار عالمی بینک کی سی ای او کرسٹا لیناجورجیوا نے چینی کی سرکاری خبررساں ایجنسی شنہوا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت یہ ہے کہ بین الاقوامی برادری مشترکہ مفادات کیلئے کام کرے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی معیشت متوازن ہورہی ہے اور وہ درست سمت میں بڑی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے اگرچہ اس کو کچھ مشکلات درپیش ہیں لیکن وہ ان سے موثر طورپر نمٹ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی تعاون کے سلسلے میں چینی عزم کی تعریف کی اور کہا کہ چین کے لئے واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہے، باہمی انحصار میں اس قدر پیشرفت ہو چکی ہے کہ اسے واپس لانے کی کوشش بین الاقوامی معیشت کیلئے محض ایک درد سر ہو گا۔دریں اثنا انہوں نے کہا کہ اس چیز کا احساس کرنا بہت اہم ہے کہ عالمی معیشت میں تیزی سے ہونیوالی تبدیلیوں کا مطلب یہ ہے کہ لاکھوں افراد کے لئے پریشانی پیداہو گی جو ان کے طرز زندگی پر اثر انداز ہو گی ۔انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ صرف چین کیلئے ہی ترقی کے مواقع فراہم نہیں کرتا بلکہ ان لوگوں کے لئے بھی ترقی کے دروازے کھول دے گا جو اس سے منسلک ہورہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :