شام میں صہیونی فوج کے فضائی حملے پر روس میں اسرائیلی سفیر سے احتجاج

اسرائیلی سفیر گیری کورن کو طلب کرکے ان سے اس حملے پر بات چیت کی گئی،روسی وزارت خارجہ

منگل 21 مارچ 2017 12:46

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) روس کی وزارت خارجہ نے ماسکو میں متعیّن اسرائیلی سفیر کو طلب کیا ہے اور ان سے شام کے تاریخی شہر تدمر ( پلمائرا) کے نزدیک اسرائیلی فوج کے فضائی حملے پر احتجاج کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی سفیر گیری کورن کو طلب کرکے ان سے اس حملے پر بات چیت کی گئی ۔درایں اثناء روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی ریا نے نائب وزیر خارجہ میخائل بوغدانوف کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے کہ شامی حکومت کے نمائندے جنیوا میں آیندہ ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

بوغدانوف نے روس کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ شام کی مسلح حزب اختلاف بھی ان امن مذاکرات میں شرکت کرے گی۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹافن ڈی میستورا جنیوا مذاکرات سے قبل ماسکو کا دورہ کریں گے۔ڈی میستورا شام کے متحارب فریقوں کے درمیان ایک سیاسی سمجھوتے کے لیے ثالثی کررہے ہیں۔اس سے پہلے ان کی میزبانی اور ثالثی میں شامی فریقوں کے درمیان مارچ کے اوائل میں ابتدائی بات چیت ہوئی تھی۔ اب وہ 23 مارچ کو متحارب فریقوں کے مذاکرات کاروں کے درمیان تنازعے کے حل کے لیے تفصیلی مذاکرات کے خواہاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :