دنیا بھر سے آنیوالے عازمین حج اور معتمرین کا بلاامتیاز احترام یقینی بنائیں گے، سعودی عرب

منگل 21 مارچ 2017 12:36

دنیا بھر سے آنیوالے عازمین حج اور معتمرین کا بلاامتیاز احترام یقینی ..
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) سعودی عرب نے حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے تما م افراد کا بلا تفریق احترام یقینی بنانے کا اعادہ کیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق گذشتہ روز خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت شہریت کو مد نظر رکھے بغیر تمام عازمین حج کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

اجلاس کے بعد پریس کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حجاج کرام اور متعمرین کی خدمت سعودی حکومت کا مذہبی فریضہ ہے۔ سعودی حکومت اور پوری قوم حجاج ومعتمرین کی خادم ہے لہذا حج اور عمرے کی غرض سے سعودی عرب آنیوالے تمام اقوام کے مسلمانوں کا بلا تفریق خیر مقدم کیا جائے گا۔ حکومت تمام ممالک سے آئے حجاج کرام کی خدمت ، سہولت اور ان کے راحت وآرام اور تحفظ کے لیے مادی اور بشری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کہا گیا ہے کہ رواں سال حج کے موقع پر ایرانی عازمین حج بھی شرکت کریں گے۔ گذشتہ برس ایران نے معاہدہ طے پانے کے باوجود ایرانی عازمین کو حج کے لیے بھیجنے سے انکار کردیا تھا ۔سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ رواں سال حج پر ایرانی حجاج کرا م کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :