حکومت پنجاب کی طرف سے ترقیاتی اورفلاحی شعبوں میں فنڈز کو درست اوردانشمندانہ انداز میں بروئے کار لایا جارہا ہے، صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں کا امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

منگل 21 مارچ 2017 00:21

فیصل آباد۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے ترقیاتی اورفلاحی شعبوں میں فنڈز کو درست اوردانشمندانہ انداز میں بروئے کار لایا جارہا ہے تاکہ سماجی ومعاشی ترقی کی بنیادوں کو مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے یہ بات ضلعی زکوة کمیٹی کے زیراہتمام ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوشنز سے مختلف فنون کی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں میں خودروزگار کے لئے امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ضلع کے مختلف ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوشنز سے پیشہ وارانہ فنون میں تربیت حاصل کرنے والے 46ہنرمند لڑکے اور لڑکیوں میں پائیدارمعاشی خوداختیاری پروگرام کے تحت 19لاکھ 40ہزارروپے کے چیکس تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ضلعی زکوة کمیٹی نذیر حسین باجوہ،صدر بورڈ آف مینجمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوشنز/نائب صدر چیمبر آف کامرس انجینئر احمد حسن،ایریا مینجر ملک محمدرفیق،وائس چیئرمین ضلع کونسل رانا ذوالفقار،سابق وائس چیئرمین ضلعی بیت المال کمیٹی رانا منورودیگر بھی اس موقع پر موجودتھے۔

صوبائی وزیر قانون نے مختلف پیشہ وارانہ فنون میں تربیت حاصل کرنے والے لڑکے اور لڑکیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے خاندان کی خوشحالی اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے خود اعتمادی اور ہمت کے ساتھ روزگار شروع کرکے خوب محنت کریں اور آئندہ امداد دینے والوں کی صف میں کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب متعدد فلاحی پالیسیوں پر عمل پیراہے جن کے ذریعے مستحق اور محروم طبقات کی فلاح وبہبود اورمعاشی بحالی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کے تاریخی اور انقلابی قدم ’’پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ‘‘ سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد طالب علم مستفید ہورہے ہیں اور اب کوئی ذہین اور مستحق طالب علم معاشی مجبوری کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے دانش سکولوں کی اہمیت اور افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں ان سکولوں کا معیار ایچی سن سمیت ٹاپ کلاس تعلیمی اداروں سے کم نہیں جہاں پر غریب اور محنت کشوں کے بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں جو علم پر دسترس حاصل کرکے ملک کی تقدیر سنواریں گے۔

انہوں نے امدادی چیکس حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کی مزید کامیابی اور ترقی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کے لئے وسائل کی فراہمی انکا حق ہے جسے ان تک عزت واحترام اور باوقارطریقے سے پہنچایا گیا ہے جس کے لئے ضلعی زکوة کمیٹی کی خدمات و کارکردگی قابل ستائش ہے۔قبل ازیں چیئرمین ضلعی زکوة کمیٹی نذیر حسین باجوہ نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زکوة فنڈز کے تحت فلاحی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوشنز کے فارغ التحصیل ہنر مند نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے ایک لاکھ روپے تک کی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے عوامی خدمت اور فلاح وبہبود کے لئے وزیراعظم محمدنوازشریف اور وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی فلاحی سوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے سہاروں کو سہارا دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے پروگرام سے لاکھوں کی تعداد میں نوجوان فیض یاب ہورہے ہیں جو اپنے ہنر سے خوشحالی کی منزل پائیں گے۔صدر بورڈ آف مینجمنٹ انجینئر احمد حسن نے نوجوانوں کو مختلف فنون سے آراستہ کرنے کے لئے اقدام کو موجودہ حکومت کا شاندار کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان انقلابی وتاریخی اقدامات کی بدولت نہ صرف بے روزگاری کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ ایک باصلاحیت وہنرمند قوم پروان چڑھے گی۔

انہوں نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیااور ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ فنون میں جدت قابل تحسین اقدام ہے جس کا سہراموجودہ حکومت کے سر ہے۔