پنجاب کے ہسپتالوں میں بہت بہتری آئی ہے، عوام کاسرکاری ہسپتالوں پر اعتماد بحال ..
تازہ ترین : 1

پنجاب کے ہسپتالوں میں بہت بہتری آئی ہے، عوام کاسرکاری ہسپتالوں پر اعتماد بحال ہوا ہے،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ڈسٹرکٹ سول ہسپتال ملتان میں نو تعمیر شدہ امیر بیگم وارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب،افتتاحی تقریب میں جاوید ہاشمی ،عبدالوحید آرائیں سمیت سیاسی وسماجی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مارچ2017ء)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنا ایک عظیم نیکی ہے۔حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کو بھی بڑھ چڑھ کر آگے آنا ہو گا، عوام کی خدمت کرنے سے سکونِ قلب ملتاہے اور آخرت بھی سنورتی ہے۔اللہ کی مخلوق سے پیار کرنا اللہ سے محبت کرنے کے مترادف ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ایک جذبے کے تحت کام کر رہے ہیں۔

پنجاب کے ہسپتالوں میں بہت بہتری آئی ہے، عوام کاسرکاری ہسپتالوں پر اعتماد بحال ہوا ہے ، ہم تمام کو بہتری لانے کے لئے مل جُل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ سول ہسپتال ملتان میں نو تعمیر شدہ امیر بیگم وارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ امیر بیگم وارڈ کو معروف میڈیسن ڈیلر اظہر بلوچ نے اپنی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے تعمیر کروایا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ ، معروف سیاسی رہنما جاوید ہاشمی ، سابق صوبائی وزیر عبدالوحید آرائیں، ملک محمد آصف رجوانہ، ممبران صوبائی اسمبلی مظہر عباس راں، خولہ امجد، معروف تاجر ذوالفقار علی انجم، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد زاہد اختر، ڈپٹی مئیر ملتان حاجی سعید احمد انصاری ، منور احسان قریشی، حافظ محمد اقبال خاکوانی، رانا شاہد الحسن، ملک انور اور دیگر سیاسی و سماجی رہنما موجود تھے۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ صاحبِ استطاعت لوگوں کو عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں آگے آنا ہو گا تاکہ ہم لوگوںکے دُکھ درد کا مداوا کر کے اللہ کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔ حکومت پنجاب صحت ، تعلیم اور دیگر فلاحی منصوبوں پر بھر پور توجہ دے رہی ہے اورملتان میں نشتر ٹو ہسپتال کے پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے یہ 2 ہزار بستر پر مشتمل ہسپتال ہو گا جس کی پلاننگ آئندہ 100 سالوں کے تقاضوںکو مدنظر رکھ کر کی جا رہی ہے۔

ملتان کڈنی سنٹر اور چلڈرن کمپلیکس ہسپتال بہت جلد مکمل فعال ہو جائیں گے جس سے ملتان اور گرد و نواح کے علاقوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی سماجی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے آگے بڑھ کر کارِ خیر میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔ تاجر حضرات سے خصوصی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنی کمیونٹی میں فلاحی کاموں کے لئے فنڈ ریزنگ کریں اور مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

گورنر پنجاب نے معروف تاجر اظہر بلوچ کی طرف سے امیر بیگم بلاک کی تعمیر کو سراہاکہ انہوں نے ایک نیکی کا کام کیا ہے اللہ تعالیٰ ان کو اس کا اجر دے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ معروف صنعت کار چوہدری ذوالفقار علی انجم بھی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اُمید ہے کہ وہ بھی سول ہسپتال کے فلاحی کاموں میں بھی حصہ لیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے کہا کہ سول ہسپتال ملتان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے صرف 50 لاکھ روپے کی لاگت سے اس میں واضح تبدیلی محسوس کی جا سکتی ہے۔

مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے جس سے عوام کا سرکاری ہسپتالوں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سول ہسپتال میں ماہانہ 35 ہزار آئوٹ ڈور مریض آ رہے ہیں 5 سو سے زائداِن ڈور داخل کئے جاتے ہیں۔ 150 سے زائد مریضوں کا ڈائیلسز کیا جا رہا ہے یہ سول ہسپتال شہر کے وسط میں واقع ہے اور اہلِ علاقہ کا اس پر تیزی سے اعتماد بحال ہوا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہیلتھ کونسل کے قیام سے مثبت تبدیلی آئی ہے اور مخیر حضرات کی خدمات اور معاونت حاصل کرنے کا موقع ملا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف میڈیسن ڈیلر وچیف ایگزیکٹو بلوچ انٹر پرائزز اظہربلوچ نے کہا کہ وہ عوامی فلاح کے پروگرامز میں ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔ امیر بیگم وارڈ کی تعمیر سے لوگوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم ہوں گی، ہم حکومت کے ساتھ مل کر عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔

معروف صنعت کار چوہدری ذوالفقار علی انجم نے کہا کہ وہ بھی اپنے ادارے کی طرف سے فلاحی کاموں میں حصہ لیتے رہیں گے انہوں نے سول ہسپتال کے لئے 2 ڈائیلسز مشینوں کی لاگت کے برابررقم عطیہ کرنے کا وعدہ کیا۔ تقریب کے آخر میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ، ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد زاہد اختر، اے پی ایم او ڈاکٹر ولی محمد ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر عفت پاشا کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سول ہسپتال ملتان میں نو تعمیر شدہ امیر بیگم وارڈ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے سول ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا معائنہ اور مریضوںکی عیادت بھی کی۔ گورنر پنجاب نے ہسپتال کے انتظامات کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
وقت اشاعت : 20/03/2017 - 23:40:48

اپنی رائے کا اظہار کریں