ملک سے دہشت گردی اور شرپسند عناصروں کا خاتمہ کرنے کے لئے علمائے کرام کا تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے‘ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ

پیر 20 مارچ 2017 22:31

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر کاشف علی ٹیپو نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی اور شرپسند عناصروں کا خاتمہ کرنے کے لئے علمائے کرام کا تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے علماء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی مدارس میں کوئی غیر ملکی رجسٹرڈ ہے تو ان کی رجسٹریشن پولیس میں ضرور کروائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ لائوڈ اسپیکر کا استعمال قانون کے مطابق کی جائے، مساجد اور مدارس کی اندرونی سیکیرٹی کو یقینی بنایا جائے، سی سی ٹی وی کیمرے لگائے ہیں تاکہ کسی بھی امکانی واقعہ کی نشاندہی ہوسکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے گزارش کی کہ شہر کو صاف رکھنے کے لئے تعاون کیا جائے جلسوں یا دیگر پروگرامات کے پینافلیکس، وال چاکنگ اور جھنڈے سرکاری مقامات، مین چوراہوں اور بجلی کے کھنبوں پر نہ لگائے جائیں اور اس مقصد کے لئے مدارس کے طلبہ کو بھی ایسا کرنے کا پابند بنایا جائے۔

(جاری ہے)

سیاسی پارٹیوں سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو منع کریں کہ وہ بھی اس عمل سے گریز کریں کیونکہ ایسا کرنے سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے۔ علمائے کرام سے گزارش کی گئی کہ وہ اپنے خطبات میں بھی صفائی کے متعلق درس دیں تاکہ ہم سب مل کر اپنے شہر کو صاف رکھ سکیں۔ اجلاس میں شریک تمام علمائے کرام نے دہشت گردی کے خاتمے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد اور صفائی کے عمل کو یقینی بنانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔