پیپلز پارٹی نے شوکت بسرا پر حملے ، امتیاز حیدر اور بابر سہیل بٹ کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کردیا

(ن) لیگ کی قیادت بغیر داڑھی کے طالبان ہے ، حکومت مقدمات میں نامزد اپنے اراکین اسمبلی کو تحفظ دی رہی ہے‘ قمر زمان کائرہ کی گفتگو

پیر 20 مارچ 2017 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء) پیپلز پارٹی نے شوکت بسرا پر حملے ، امتیاز حیدر اور بابر سہیل بٹ کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت بغیر داڑھی کے طالبان ہے ، حکومت مقدمات میں نامزد اپنے اراکین اسمبلی کو تحفظ دی رہی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہاکہ شوکت بسرا پر حملے کو دو ماہ ہو گئے لیکن ایک بھی ملزم گرفتار نہیں ہوا،حملے کی تحقیقات کی رپورٹ وزیراعلیٰ نے دبا دی ہے جبکہ شوکت بسرا کی سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یا رپورٹ بدلی جا رہی ہے یا حکومت خود حملے میں ملوث پائی گئی ہے،بسرا پر حملے اور ان کے ساتھی کے قتل کا مرکزی ملزم ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بابر بٹ کا قتل جس بھی وجہ سے ہوا حکومت بری الذمہ کیسے ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں قتل کی ایف آئی آر حکومتی ارکان اسمبلی کے خلاف درج ہیں، جنہیں حکومت تحفظ دے رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان واقعات کی تحقیقات عدالت سے کروائی جائے اس موقع پر چوہدری منظور نے کہا کہ جنہوں نے سانحہ ماڈل ٹائون کی عدالتی تحقیقات کو ایک جی آئی ٹی سے مسترد کردیا وہ ہمیں کیا انصاف دیں گے۔

شوکت بسرا نے کہا ک مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار شہباز شریف، رانا ثنااللہ اور اعجاز الحق ہوں گے، پنجاب حکومت کے کہنے پر میری سکیورٹی واپس لی گئی ہے میری جان کو خطرا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت پر عمل کرتے ہوئے کسی سے سیاسی انتقام نہ لیا،نواز شریف اور شہباز شریف ضیا الحق کی روحانی اولاد ہیں اور اس کی حقیقی اولاد اعجاز الحق کے ساتھ ملکر ہارون آباد میں مخالفین کے خلاف پولیس اور (ن) لیگ کے گلوں بٹوں کا مارشل لا نافذ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جمہوریت راس نہیں آتی آج بھی وہ لاٹھی گولی کی سرکار چلانا چاہتا ہے، گڈ گورننس کسے کہتے ہیں ۔سیاسی رہنمائوں پر حملے کروانا ان کی گڈ گورننس ہے ۔پولیس کو سیاسی مخالفین کو غنڈوں سے تحفظ فراہم کرنے سے منع کرنا گڈ گورننس ہے ۔یا سیاسی مخالف کو گھر میں گھس کر قتل کرنے والے ایم این اے او تحفظ فراہم کرنا گڈ گورننس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کالعدم جماعتوں کے ذریعے سیاسی مخالفین کو ڈرایا جاتا تھا اب ہر شہر میں گلو بٹ اور پولیس کے اندر بدمعاس بھرتی کروا رکھے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت بغیر داڑھی کے طالبان ہیں ۔