سندھ اسمبلی کی نشست 81 پر ایم کیوایم پاکستان فنکشنل لیگ کی حمایت کریگی

ضمنی انتخاب کے موقع پرفوج کی تعیناتی اورشفاف انتخابی عمل کی تائید کرتے ہیں، خواجہ اظہار الحسن

پیر 20 مارچ 2017 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) سانگھڑ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم پاکستان اور فنکشنل لیگ نے ہاتھ ملالیے۔ متحدہ پاکستان پی ایس 81 پر فنکشنل لیگ کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سانگھڑ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ فنکشنل کی حمایت کا اعلان کردیا۔ ترجمان ایم کیوایم پاکستان کے مطابق پی ایس 81 پر فنکشنل لیگ کے امیدوار جام نفیس کی حمایت کا فیصلہ رابطہ کمیٹی نے گزشتہ رات دونوں سیاسی جماعتوں میں اعلی سطح کے رابطے کے بعد کیا۔

اس سے قبل مسلم لیگ فنکشنل کے وفد نے پی آئی بی کالونی میں متحدہ پاکستان کے رہنماوں سے ملاقات کی تھی اور ضمنی انتخاب میں حمایت کرنے کی درخواست کی تھی۔ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن خواجہ اظہارالحسن نے کہاکہ ہم سانگھڑکے ضمنی انتخاب کے موقع پرفوج کی تعیناتی اورشفاف انتخابی عمل کی تائید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہاں جوجھوٹی ایف آئی آر مسلم لیگ (ف) کے کارکنوں پرکاٹی جارہی ہیں ہم اس کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔

خواجہ اظہارالحسن نے وزیراعظم پاکستان کے کراچی کے دورے کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم کاایم کیوایم (پاکستان)سے ملناناگزیرہوچکاہے۔خواجہ اظہارالحسن نے مزیدکہاکہ لیاری کے عوام کاحق ہے کہ ان کاخیال رکھاجائے۔ ہم بھی وہاں سے آئندہ الیکشن میں اپنا امیدوار کھڑا کرینگے لیاری والے ہمارے اپنے ہیں۔