وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا معاشی اصلاحات پر پیشرفت کا اطمینان کا اظہار

ان اصلاحات کے اثرات پہلے ہی بہت واضح ہیں ،ْمختلف فیصلوں پر بروقت عملدآمد کی ضرورت ہے ،ْ اجلاس سے خطاب

پیر 20 مارچ 2017 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے معاشی اصلاحات پر پیشرفت کا اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اصلاحات کے اثرات پہلے ہی بہت واضح ہیں ،ْمختلف فیصلوں پر بروقت عملدآمد کی ضرورت ہے ۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت حکومت کی طرف سے جاری کی گئی مختلف اقتصادی اصلاحات کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔

وزیر خزانہ محمداسحاق ڈاز نے توانائی، پبلک سیکٹر انٹرپرائزز اور سرمایہ کاری ماحول سمیت معیشت کے اہم شعبوں میں جاری ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ نے وزیر خزانہ کو مختلف اصلاحاتی اقدامات اور ان پر عملدرآمد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف اہم شعبوں میں پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پبلک سیکٹر انٹراپرائزز کی شائع ہونے والی رپورٹ، سرکولر ڈیبٹ پلان اور کاروبار کرنے کیلئے قومی اصلاحاتی حکمت عملی سے متعلق شائع ہونے والی رپورٹ پر بھی روشنی ڈالی۔

وزیر خزانہ نے معاشی اصلاحات پر پیشرفت کا اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان اصلاحات کے اثرات پہلے ہی بہت واضح ہیں۔ انہوں نے مختلف فیصلوں پر بروقت عملدآمد کی اہمیت پر زور دیا تاکہ مجوزہ ٹائم فریم کے دوران مطلوبہ مقاصد اور نتائج برآمد ہو سکیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ گذشتہ تین سالوں کے دوران ہونے والی اقتصادی اصلاحات کے اثرات کا خلاصہ مناسب طور پر جاری کیا جائے۔

وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ اقتصادی ایڈوائزری کونسل کا اجلاس بلایا جائے جس میں اقتصادی نمو میں اضافہ کیلئے بجٹ تجاویز پر غور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموںاور وزارتوں کے ساتھ رابطہ کے ذریعے جاری ترقیاتی کام پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :