اندرون سندھ میں دہشتگردی کے واقعات میں ٹی ٹی پی اور لشکر جھنگوی ملوث ہیں، ایس ایس پی سی ٹی ڈی

پیر 20 مارچ 2017 21:52

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان سموں نے کہا ہے کہ اندرون سندھ میں دہشتگردی کے واقعات میں ٹی ٹی پی اور لشکر جھنگوی ملوث ہیں۔ سی ٹی ڈی نے خیرپور میں کارروائی کرکے کالعدم لشکر جھنگوی کا اہم کمانڈر گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے خیرپور میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے اہم کمانڈر شعیب بروہی کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق گرفتار شعیب بروہی کا تعلق حفیظ بروہی اور مقصود بروہی گروپ سے ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار شعیب بروہی افغانستان میں ٹریننگ کیمپ کا کمانڈر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شعیب بروہی پاکستان میں بھی کالعدم تنظیم کے دیگر کارندوں کو بنیادی اور فیزیکل ٹریننگ دیتا رہا ہے۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ حفیظ بروہی اور مقصود بروہی گروپ شکارپور اور جیکب آباد بم دھماکوں میں ملوث رہا ہے۔ شکارپور میں 2010 میں نیٹو آئل ٹینکر پر حملوں میں بھی یہی گروپ ملوث تھا۔ ملزم کا تعلق ٹی ٹی پی سندھ چیپٹر سے بھی ہے۔کراچی سے گرفتار ہونے والے عزیز شیخ کا بھی قریبی ساتھی ہے۔ عرفان سموں نے بتایا کہ ملزم سے جہادی مواد برآمد ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :