Live Updates

بنی گالہ میں بے ہنگم تجاوزات کا نوٹس لیا جائے ،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کو خط لکھ دیا

پیر 20 مارچ 2017 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کو خط لکھ کر بنی گالہ میں بے ہنگم تجاوزات اور خلاف قانون تعمیرات کا نوٹس لینے کی استدعا کی ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ، خط کے متن میں بنی گالہ اسلام آباد میں بے ہنگم تجاوزات اور خلاف قانون تعمیرات کا نوٹس لینے کی استدعا کی گئی ہے، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے کے متعلقہ حکام کی توجہ مبزول کروائی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا، بنی گالہ میں بے ہنگم تجاوزات سے سبزہ زار سکڑ رہے ہیں، کسی باقاعدہ منصوبہ بندی کے بغیر بڑی تعمیرات حادثات کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں، کسی قسم کے تعمیراتی قواعدو منوابط کا نفادعملاً ناپید دکھائی دے رہا ہے، سکڑتے سبزہ زار اور پھیلتی بے ہنگم تعمیرات ایک بڑے ماحولیاتی مسئلے کو جنم دے سکتی ہیں۔

عمران خان نے خط میں موقف اختیار کیا کہ قانون کے نفاد کے ذمہ دار ادارے قانون شکن عناصر کو قواعد کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دیے ہوئے ہیں، آئندہ نسلوں کی خاطر آپ کی معاملے میں مداخلت ناگزیر ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات