اساتذہ کی تذلیل اور پی ایس ٹی اساتذہ کی اپ گریڈ یشن میں تاخیر برداشت نہیں کریں گے، مولانا عبدالسلام

پیر 20 مارچ 2017 21:52

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع مانسہرہ کے صدر مولانا عبدالسلام نے کہا ہے کہ مانیٹرنگ نام پر اساتذہ کی تذلیل برداشت نہیں کریں گے، پی اس ٹی اساتذہ کی اپ گریڈ یشن میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، پی ایس ٹی اساتذہ کے سکیل 13 میں پروموشن کے بقایا جات ابھی تک ادا نہیں کئے گئے، ان کو فی الفور ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربند میں اساتذہ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شوکت زمان، محمد زمان، وسیم، علی محمد، محمد ارشد، محمد فرید، مظفر شاہ ، محمد اقبال، بنارس خان، محمد صفدر، محمد سلیمان ، محمد فاروق ، محمد ارشد، عارم زمان، جان محمد یوسف، محمد نواز، قاری محمد رفیق، انور زیب، افتخار احمد، ارشد حسین، دلدار محمد، عبدالحمید شاہ ، نزاکت حسین شاہ اور دیگر اساتذہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکول گرانٹ کے پیسے حکومت خود خرچ کرے، اساتذہ ٹھیکیدار نہیں بلکہ پیغمبرانہ پیشہ سے تعلق رکھتے ہیں، اساتذہ صرف نونہالان قوم کی تدریس کا کام کریں گے، سکول کی تعمیر کے کام کیلئے ٹھیکیدار مقرر کئے جائیں، اساتذہ سے بیگار نہ لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مکتب سکول میں اساتذہ کی تعداد کو بڑھایا جائے، اگر ملک کو پڑھا لکھا پاکستان بنانا ہے تو اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی، اساتذہ کو ان کا جائز مقام دینا ہو گا، اساتذہ کو مردم شماری کی ڈیوٹی میرٹ پر دی جائے اور اساتذہ آئوٹ آف چلڈرن سکول پر ڈیوٹی کی تھی ان کا معاوضہ جلد از جلد ادا کیا جائے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کو جلد از جلد ٹائم دے، اگر اساتذہ کی اس طرح مزید حوصلہ شکنی کی جاتی رہی تو اساتذہ سخت احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔ اجلاس میں مردم شماری کی ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے ٹیچر عبدالقادر کیلئے دعا مغفرت کی گئی اور ان کے لواحقین کو فی الفور معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔