پشاور میں تین روزہ صد سالہ اجتماع تاریخ ساز ہو گا،مفتی کفایت الله

پیر 20 مارچ 2017 21:51

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) پشاور میں 7، 8 اور 9 اپریل کو ہونے والا تین روزہ صد سالہ اجتماع تاریخ ساز ہو گا، اجتماع میں دنیا بھر سے مذہبی سکالر، جمعیت علماء ہند کے اکابرین، امام حرمین شریفین اور اسلامی ممالک کے سفراء، عالمی تنظیموں کے نمائندگان شرکت کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے امیر سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت الله شاہ، جنرل سیکرٹری و صوبائی نائب امیر مفتی کفایت الله نے مجلس عمومی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام صد سالہ عالمی اجتماع کی کامیابی کیلئے جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا، ضلع مانسہرہ سے ایک بہت بڑا قافلہ کانفرنس میں شرکت کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جمعیت علماء ہند کے صدر حضرت مولانا ارشد مدنی، دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا ابوالقاسم نعمانی اور جنرل سیکرٹری مولانا محمود اسعد مدنی اور فضائل اعمال کے مصنف شیخ الحدیث حضرت مولانا ذکریا ؒکے جانشین حضرت مولانا طلحہ کاندھلوی بھی شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کا یہ عالمی اجتماع تاریخی اجتماع ہو گا، اسلامی نظام کیلئے یہ سنگ میل ثابت ہو گا، جمعیت علماء اسلام کے کارکن اس اجتماع کو کامیاب بنانے کیلئے گائوں گائوں، کریہ کریہ ، بستی بستی پھیل جائیں اور اجتماع کو کامیاب بنائیں، کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :