پنجاب یونیورسٹی نے محکمہ اطلاعات کے زیراہتمام تقریری مقابلوں میں ٹیم ٹرافی جیت لی

یونیورسٹی آف گجرات کے مقررین نے تین اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ نی2پوزیشنیں لیں پنجاب یونیورسٹی کے شباہت خان اردو،شیہان ظفر انگریزی اور مبشرسعید پنجابی تقریری مقابلے کے فاتح ڈی جی پی آر، محکمہ اطلاعات کے زیراہتمام مقابلوں میںپنجاب بھر کے نمایاں کالجوں اور یونیورسٹی کے طلبہ کی شرکت وزیراطلاعات مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پلاک آڈیٹوریم میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے مقررین میں انعامات تقسیم کئے

پیر 20 مارچ 2017 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کے زیراہتمام پنجاب بھر کے یونیورسٹی اور کالجزکے در میان اردو، انگریزی اور پنجابی تقاریر کا مقابلہ پنجاب یونیورسٹی نے جیت لیا۔ تینوں کیٹیگریز میں جامعہ پنجاب کے مقرر پہلی پوزیشن حاصل کر کے ٹیم ٹرافی کے حقدار قرار پائے۔یونیورسٹی آف گجرات کے مقررین نے تین اور گورنمنٹ کالج لاہور کے طلبہ نے دو پوزیشنیں حاصل کیں۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر کے آڈیٹوریم میں ڈی جی پی آر محکمہ اطلاعات کے زیراہتمام ’’امن کا پیغام پاکستان‘‘، ’’پاک سرزمین شادباد‘‘ اور’’اپنا مقام پیدا کر‘‘ کے عنوان سے پنجاب بھر کے 17نمایاںجامعات اور کالجز کے طلبہ نے تقریری مقابلے میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

جس میں پنجاب یونیورسٹی کے شباہت خان اپنے زور خطابت اول قرار پائے۔

یونیورسٹی آف گجرات کی عروشہ اعوان دوسرے اور جی سی یونیورسٹی کے طلحہ سیماب تیسرے نمبر پر رہے۔ پنجابی تقریری مقابلے’’صوفی امن دا سفیر‘‘ ، ’’ایکتا دی طاقت‘‘ اور ’’ایہہ دھرتی شیرجواناں دی‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوئے جس میں مقررین نے مادری زبان میںاپنے زور خطابت کا اظہار کیا۔ جس میں پنجاب یونیورسٹی کے مبشر سعید اول قرار پائے۔

یونیورسٹی آف گجرات کے حیدر امام دوسرے اور گورنمنٹ سائنس کالج کے شاداب خان تیسرے نمبر پر رہے۔ انگریزی تقاریر میں پنجاب یونیورسٹی کے شیہان ظفر پہلے، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے حارث علی دوسرے اور یونیورسٹی آف گجرات کی انعم خالد تیسرے نمبر پر رہیں۔ صوبائی وزیراطلاعات مجتبٰی شجاع الرحمان نے فاتحین میں ٹیم ٹرافی اور ایوارڈ تقسیم کئے۔ تقریب میں پلاک کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صغریٰ صدف ، ایڈیشنل سیکرٹری ثمن رائے اور دیگر موجود تھے۔ جبکہ مہا منصف کے فرائض پروفیسر ڈاکٹرفیصل کمال حیدری نے سرانجام دیئے۔