ملک سے دہشتگردی ،شرپسند عناصروں کا خاتمہ کرنے کیلئے علمائے کرام کا تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے،ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ

پیر 20 مارچ 2017 21:51

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر کاشف علی ٹیپو نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی اور شرپسند عناصروں کا خاتمہ کرنے کے لیے علمائے کرام کا تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے علمائے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی مدارس میں کوئی غیر ملکی رجسٹرڈ ہے تو ان کی رجسٹریشن پولیس میں ضرور کروائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ لائوڈ اسپیکر کا استعمال قانون کے مطابق کی جائے، مساجد اور مدارس کی اندرونی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، سی سی ٹی وی کیمرے لگائے ہیں تاکہ کسی بھی امکانی واقعے کی نشاندہی ہوسکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے گذارش کی کہ شہر کو صفای رکھنے کے لیے تعاون کیا جائے جلسوں یا دیگر پروگرامات کے پینافلیکس، وال چاکنگ اور جھنڈے سرکاری مقامات، مین چوراہوں اور بجلی کے کھنبوں پر نہ لگائے جائیں اور اس مقصد کے لیے مدارس کے طلبہ کو بھی ایسا کرنے کا پابند بنایا جائے۔

(جاری ہے)

سیاسی پارٹیوں کو بھی گذارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو منع کریں کہ وہ بھی اس عمل سے گریز کریں کیونکہ ایسا کرنے سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے۔ علمائے کرام کو گذارش کی گئی کہ وہ اپنے خطبات میں بھی صفائی کے متعلق درس ہیں تاکہ ہم سب ملک کے اپنے شہر کو صاف رکھ سکیں۔ اجلاس میں شریک تمام علمائے کرام نے دہشتگردی کے خاتمے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد اور صفائی کے عمل کو یقینی بنانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔